پاکستان کی مقبول ترین گاڑی سوزوکی مہران کی متبادل پیش کر دی گئی

800 سی سی سوزوکی مہران دسمبر 2018 کے بعد مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوگی، متبادل کے طور پر سوزوکی آلٹو 2019 کو مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا، گاڑی کی مائلج حیران کن طور پر 37 لیٹر فی کلومیٹر تک ہوگی

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:44

پاکستان کی مقبول ترین گاڑی سوزوکی مہران کی متبادل پیش کر دی گئی
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 اکتوبر 2018ء) پاکستان کی مقبول ترین گاڑی سوزوکی مہران کی متبادل پیش کر دی گئی، 800 سی سی سوزوکی مہران دسمبر 2018 کے بعد مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوگی، متبادل کے طور پر سوزوکی آلٹو 2019 کو مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دہائیوں تک پاکستانیوں میں بے حد مقبول رہنے والی پاک سوزکی کی مہران گاڑی کی پیداوار بالآخر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاک سوزوکی نے 80 کی دہائی سے مارکیٹ میں مقبول رہنے والی مہران کی پیداوار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوزوکی مہران کی دنیا بھر میں پیداوار 90 کی دہائی میں بند کر دی گئی تھی، تاہم پاکستان میں اس گاڑی کی پیداوار آج بھی جاری ہے۔ تاہم اب مارکیٹ میں نئی کمپنیوں کی آمد کے باعث مقابلے میں اضافہ ہوا ہے، اور نئی اور جدید سے جدید اور قدرے کم قیمت گاڑیاں فروخت کیلئے پیش کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی باعث سوزوکی پاکستان نے رواں برس دسمبر سے مہران کو مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم مہران کے شوقین افراد کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ سوزوکی پاکستان نے مہران کی متبادل گاڑی بھی پیش کر دی ہے۔ سوزوکی آلٹو 2019 کو 800 سی سی سوزوکی مہران کی متبادل کے طور پر مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 660 سی سی انجن کی حامل سوزوکی آلٹو ایک آٹو میٹک جبکہ 2 مینوئل ماڈلز میں پیش کی جائے گی۔ جبکہ اس گاڑی کی مائلج حیران کن طور پر 37 لیٹر فی کلومیٹر تک ہوگی۔ جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سوزوکی آلٹو کی قیمت 8 لاکھ سے 9 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ سوزوکی آلٹو کا آٹو میٹک ماڈل مہنگا جبکہ مینوئل ماڈلز قدرے سستے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :