سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اربن یونٹ کو مختلف شعبوں کیلئے نئے ٹاسک سونپ دیئے

خزانہ خالی ہے ، کم سے کم فنڈز کا استعمال یقینی بنایا جائے،سینئر وزیر پنجاب کی ہدایت

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:12

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اربن یونٹ کو مختلف شعبوں کیلئے نئے ٹاسک ..
لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اربن یونٹ کو صوبے کے مختلف شعبوں کیلئے نئے ٹاسک سونپ دیئے ہیں جن میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق شہری آبادی سے دور 23 لینڈ فل سائٹس کیلئے سفارشات ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے مختلف منصوبوں کی مانیٹرنگ کیلئے کمپیوٹرائزڈ سسٹم ،لوکل گورنمنٹ کے پراجیکٹس کیلئے ڈیش بورڈ اور شجر کاری مہم کی مانیٹرنگ کا میکنزم شامل ہیں، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اربن یونٹ کی سینئر ٹیم سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب حکومت کا خزانہ خالی ہے اور ہمیں کم سے کم فنڈز کا استعمال یقینی بنانا ہوگا، انہوں نے اربن یونٹ کو کلین اینڈ گرین پنجاب کیلئے آگاہی مہم تیار کرنے اور اہم منصوبوں کا مکمل ریکارڈ اور جیوگرافک انفارمیشن کی تشکیل کی بھی ہدایت کی، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف لاہور شہر کا کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے سوا ارب روپے ماہانہ ادا کئے جا رہے ہیں جبکہ ڈمپنگ سائٹ کے مسائل جوں کے توں ہیں، انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے گوجرانوالہ کیلئے لینڈ فل سائٹ بنائی جائیگی اور اربن یونٹ کا وفد آئندہ ہفتے خود دورہ کر کے کام کا آغاز کریگا ، سینئر وزیر نے کہا کہ شہری منصوبوں کو دیرپا بنانے کیلئے اربن یونٹ مربوط منصوبہ بندی یقینی بنائے جس میں تمام متعلقہ محکموں کی ان پٹ شامل ہو ، انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح ایک ساتھ ہی بہت سے منصوبوں کی پلاننگ نہیں کرنا چاہتے اور صرف ایسے پراجیکٹ سامنے لائیں گے جنہیں صاف اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمیں ترقی یافتہ ملکوں کی ماڈل سامنے رکھ کر شہری ترقی کو یقینی بنانا ہوگا اور اربن یونٹ کا کردار اس ضمن میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سینئر وزیر کو اربن یونٹ سے ویسٹ مینجمنٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر کرن فرحان ، سینئر سپیشلسٹ آئی ٹی ڈاکٹر عبدالباسط ،سینئر سپیشلسٹ کمیونیکیشن میمونہ ارسلان بھٹی اور ایم اینڈ ای سپیشلسٹ نوید احسن نے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی اور شہری ترقی میں اربن یونٹ کی طرف سے تیار کردہ مختلف منصوبوں پر بات چیت ہوئی اور چیئرمین چیف منسٹرٹاسک فورس فصیل آصف بھی اجلاس میں موجود تھے ،اجلاس میں طے پایا کہ اربن یونٹ کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہونگے تاکہ منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا جا سکے ،اسی طرح جلد ہی ٹریفک کنٹرول سسٹم ، کمرشل گاڑیوں کی لائسنسنگ اور دیگر شعبوں کیلئے اربن یونٹ اپنا پیشہ وارانہ کردار ادا کریگا، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اربن یونٹ کی ابتک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی سروسز جاری رکھنے کا عندیہ دیا ۔