شہباز شریف پر دائر تمام کیسز ماضی میں درج ہوئے، تاج گل وزیر

جمعہ 19 اکتوبر 2018 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف پر دائر تمام کیسز ماضی میں درج ہوئے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد و خود مختار ادارہ ہے جس نے شہباز شریف کو آشیانہ ہائوسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ابھی بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل شروع نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب بدعنوان عناصر کے خلاف ماضی میں رجسٹرڈ کیے گئے کیسز کی تحقیقات کر رہا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی موجودہ حکومت کو نیب کے ساتھ منسلک نہیں کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے نیب کو نشانہ بناتے ہوئے اس پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی طرف سے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کا اجراء ایک مثالی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے سابق سپیکر قومی اسمبلی نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے پرڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے تھے۔ زرتاج گل وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اسی لیے ہماری حکومت نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے احکامات دئیے۔