Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن کی ملاقات

مشکل معاشی حالات میں خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لئے قطری حکومت کی طرف سے پاکستانی حکومت کو بھرپور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:51

وزیراعظم عمران خان سے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو امیر قطر کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے امیر قطر کی جانب سے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پاکستان کی نئی قیادت کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے شیخ تمیم بن حماد الثانی کی طرف سے گرمجوشی کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں قطر کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان سے قطر کے لئے برآمدات میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تجارت آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گی۔

انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی معیشت کے تمام شعبوں بالخصوص زراعت، لائیو سٹاک اور توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے پاکستان سے ایک لاکھ کارکن منگوانے کے قطری فیصلے پر جلد عملدرآمد کی توقع کا بھی اظہار کیا۔ قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے بھی گرمجوشی کا اظہار کیا اور وزیراعظم کو ترقی کی راہ پر گامزن اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لئے قطری حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے شیخ تمیم بن حماد الثانی کی قیادت میں قطر کے امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات