الیکشن والے دن افغانستان میں خون کی ہولی

دارالحکومت کابل بم دھماکوں سے گونج اٹھا، متعدد پولنگ سٹیشنز پر دھماکے، 20 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 اکتوبر 2018 21:02

الیکشن والے دن افغانستان میں خون کی ہولی
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2018ء) الیکشن والے دن افغانستان میں خون کی ہولی، دارالحکومت کابل بم دھماکوں سے گونج اٹھا، متعدد پولنگ سٹیشنز پر دھماکے، 20 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے دوران دارالحکومت کابل بم دھماکوں سے گونج اٹھا۔ دیگر صوبوں میں بھی افغان سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کابل میں یکے بعد دیگرے پانچ دھماکے ہوئے ہیں جن میں 20 سے زائد افراد جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب افغان صوبے قندھار میں جمعرات کو پیش آنے والے واقعے کے باعث قندھار اور غزنی میں انتخابات موخر کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ اب سخت سکیورٹی کے باوجود بھی انتخابی عمل کے دوران افغان دارالحکومت کابل میں یکے بعد دیگرے تین سے پانچ دھماکے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

افغان وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں ہونے والے دھماکوں کے بعد پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ حکومت نے پولنگ کے عمل کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مزید 20 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق کابل میں حملوں کے علاوہ افغان صوبے کنڑ میں بھی پولنگ سٹیشن جانے والی خواتین پر گولے داغے گئے جس کے باعث کئی خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

افغان صوبے غور میں بھی پولنگ سٹیشن جانے والے پولیس اہلکاروں پر شدت پسندوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ مجموعی طور پر انتخابات والے دن افغانستان میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہے جس میں اب تک متعدد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل افغان طالبان افغان عوام کو انتخابی عمل میں شرکت سے باز رہنے کی تلقین بھی کر چکے ہیں۔