ایران کی پاکستان کو سستے داموں تیل و گیس دینے کی پیش کش

ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و معاشی تعلقات کا خواہاں ہے، آئل، کیمیکل اور گیس سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی وسیع گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے: ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:06

ایران کی پاکستان کو سستے داموں تیل و گیس دینے کی پیش کش
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2018ء) ایران کی پاکستان کو سستے داموں تیل و گیس دینے کی پیش کش، ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و معاشی تعلقات کا خواہاں ہے، آئل، کیمیکل اور گیس سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی وسیع گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نئی حکومت کے آنے کے بعد ایران پاکستان کیساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔

اس مقصد کیلئے ایران نے پاکستان کو سستے داموں تیل و گیس فراہم کرنے کی پیش کش بھی کیا ہے۔ پاکستان میں تعینات ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و معاشی تعلقات کا خواہاں ہے۔ بارٹر ٹریڈ کی حوصلہ افزائی کرکے دونوں ممالک یکساں فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایرانی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، ایران نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے اور پاکستان اس کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران جلد ہی پنجاب میں ایرانی مصنوعات کی نمائش منعقد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئل، کیمیکل اور گیس سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی وسیع گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ جبکہ پاکستان دودھ کی پیداوار میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ڈیری سیکٹر میں ایران کا تجربہ اور مہارت پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینکنگ چینل کے قیام کے لیے ایران اور سابق پاکستانی حکومت نے معاہدے پر دستخط کیے تھے، اس معاہدے کو فعال کرنے کے لیے موجودہ پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ پاکستان اور ایران بڑی مارکیٹوں کے حامل ہیں، ایک دوسرے سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ دونوں ممالک کو آلات جراحی، ٹیکسٹائل، چاول، انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ جبکہ پاکستان چاہے تو ایران قدرے سستا تیل اور گیس بھی فراہم کر سکتا ہے۔