غیر قانونی بھرتیوں کا کیس،

مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم

پیر 22 اکتوبر 2018 14:53

غیر قانونی بھرتیوں کا کیس،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوانے کاحکم دیدیا۔ لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس پر سماعت کی۔

سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر سے تفتیش مکمل کرلی اور ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔سماعت کے دوران نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزموں کے مزید جسمانی ریمانڈ نہ لینے کی درخواست کی، نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔ سابق وائس چانسلر کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جب تفتیش میں کچھ ثابت نہیں ہوا تو تمام ملزمان کو رہا کیا جائے۔عدالت نے نیب کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کاحکم دے دیا۔