کرپشن ، سود اور غیر ترقیاتی اخراجات قومی اقتصادی نظام کیلئے خطرہ ہیں‘ذکر اللہ مجاہد

حکمران جماعت اپنے منشور پر عمل پیرا ہو کر عوام سے کیے وعدوں کی پاسداری کرے ‘منصورہ میں میڈیا سے گفتگو

پیر 22 اکتوبر 2018 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کرپشن ، سود اور غیر ترقیاتی اخراجات قومی اقتصادی نظام کیلئے خطرہ ہیں ،پی ٹی آئی حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عام آدمی کو بری طرح متاثر کیا ہے ،کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے عو ام میں اضطراب ، بے چینی او ر مایوسی بڑھتی جا رہی ہے اور تبدیلی کے خواب ریت کی دیوار ثابت ہو رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے منصورہ میںامیر جماعت اسلامی لاہو رذکر اللہ مجاہد کے بھائی عظیم صادق کی دعوت ولیمہ کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ تقریب میں رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس ، اشد نسیم ،مولانا عبدالمالک ، امیر العظیم ،محمد اصغر ، ساجد انور، عبدالغفار عزیز ، قیصر شریف ، عمران ظہور غازی ، میاں محمد زمان ، جاوید قصوری ، نذیز احمد جنجوعہ ، فاروق چوہان ، ضیاء الدین انصاری ،ملک شاہد اسلم، عبدالعزیز عابد ، شاہد نوید ملک، چوہدری محمد صادق ، میاں محمد بشیر ، ملک محمد شفیق ، زبیر احمد صدیقی ، میاں حمید اللہ سمیت جماعت اسلامی کی مرکزی ، صوبائی اور ضلعی لیڈر شپ سمیت سیاسی ، سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں پی ٹی آئی اپنی مقبولیت تیزی سے کھو رہی ہے اگر مہنگائی ، بے روزگاراور غیر ملکی قرضوں پر قابو نہ پایا تو سابقہ ادوار کی حکومتوں کی طرح پی ٹی آئی کا انجام بھی کچھ مختلف نہیں ہو گا ۔ پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری کرنے میں ناکام ہوتی نظر آرہی ہے ، بے تحاشہ مہنگائی ، بے روزگاری کی وجہ سے عوام کا اعتماد حکمران جماعت سے دن بدن اُٹھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور ملکی قوانین میں تمام اسلامی دفعات اور شقیں ہر صورت محفوظ رہنی چاہیں ۔ ختم نبوت ؐ اور ناموس رسالت سے متعلق قوانین کا مکمل تحفظ ناگزیر ہو چکا ہے اس میں کسی قسم کی تبدیلی یا چھڑ چھاڑ قابل قبول نہیں ہو گی ا یسا کرنا حکومت کو مہنگا پڑے گا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت شہر لاہور میں جوکہ حکمرانوں کا شہر کہلاتا ہے سہولیات کا فقدان ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔

پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی ، سیوریج کے بوسیدہ نظام ، صفائی کی ناقص صورتحال، سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی شرح نے شہریان لاہور کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے ۔اقرباپروی اور کرپشن کے کینسر نے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو اپنی لپیٹ رکھا ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہاکہ ہر گذرتے دن کے ساتھ مہنگائی کا طوفان غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین رہا ہے جس کی ذمہ دار حکومتی ناکام معاشی پالیسیاں ہیں ، اسٹاک ایکسچینج بے یقینی او رمندی کی شکا ر ہے جبکہ حکمران جماعت عملی اقدامات کرنے کی بجائے بیانات تک محدود دیکھائی دے رہی ہے ۔