وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، بجلی کی قیمت میں مجوزہ اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا

پیر 22 اکتوبر 2018 23:50

وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کی قیمت میں مجوزہ اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا۔ ای سی سی کا اجلاس پیر کو وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ نے بجلی کے شعبہ کی بہتری بالخصوص واجبات کی وصولی میں اضافہ اور نقصانات میں کمی کیلئے تفصیلی پلان طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

ای سی سی کا آئندہ اجلاس بدھ کو ہو گا جس میں واجبات کی وصولی اور نقصانات میں کمی کے حوالہ سے پلان کا جائزہ لیا جائے گا۔ آڈیٹر جنرل نے اجلاس میں حیسکو، پیسکو، کیسکو اور سیپکو ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے مالی سال 2016-17ء اور 2017-18ء سے متعلق آڈٹ کے معاملات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ وہ رپورٹ میں اٹھائے جانے والے معاملات کے حل کیلئے اقدامات کرے۔ ای سی سی نے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے سبسڈی کی ادائیگی سے متعلق پاور ڈویژن کی تجویز پر بھی غور کیا اور اس سلسلہ میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے بلوچستان کے وزیراعلیٰ سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا۔