یوٹیلیٹی اسٹور ملازمین کو بیک جنبش قلم برطرف کرنا حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،مولانا عبدالغفور حیدری

حکومت ایک کروڑ نوکریاں تو نہیں دے سکی لیکن لوگوں سے ان کے منہ کے نوالے چھین رہی ہے

منگل 23 اکتوبر 2018 18:25

یوٹیلیٹی اسٹور ملازمین کو بیک جنبش قلم برطرف کرنا حکومت کی نااہلی کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹور ملازمین کو بیک جنبش قلم برطرف کرنا حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،حکومت ایک کروڑ نوکریاں تو نہیں دے سکی لیکن لوگوں سے ان کے منہ کے نوالے چھین رہی ہیں، وزیر اعظم کا اصل کام جاڑوں مارنا تھا لیکن حکومت حوالے کرکے ملک کیساتھ بددیانتی کی گئی، اگر یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کو مستقل نہیں کیا گیا تو ہر سطح تک جائینگے، سینیٹ میں تحریک التواء جمع کرائی ہیں ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے ڈی چوک پہ یوٹیلیٹی ملازمین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں ملازمین کی برطرفی اور شاہی افسر کی طرف سے ملازم طبقے کو دھونس دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہونے دینگے موجودہ حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے عوام یہ سمجھ رہی تھی کہ یہ نئی ملازمتیں دینگے لیکن موجودہ حکومت لوگوں کے منہ سے نوالے چھین رہی ہے انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے خود جب وہ اپوزیشن میں تھی ایک دھرنا دیا تھا وہ اگر دھرنا دے سکتے ہیں تو آپ ملازمین اپنے حق کیلئے کیوں نہیں دے سکتے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کا وزیراعظم سلیکٹڈ ہے جسکا کام جھاڑو مارنا اور صفائی کرنا تھا مگر ملک کے اہم منصب پہ بٹھاکر ملک کیساتھ بددیانتی کی گئی انہوں نے کہا کہ ہم ملازمین کیساتھ ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر ممکن آخری حد تک جائینگے حکومت ہوش کے ناخن لیں اور وہ تاریخ نہ دہرائیں جس سے انہیں پھر ملک میں منہ دکھانے لائق نہیں چھوڑا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں تحریک التواء جمع کرائی ہیں ملازمین کا حق انکو دیا جائے۔