سلامتی کونسل کا افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا خیر مقدم، ووٹرز کی تحسین

بدھ 24 اکتوبر 2018 13:08

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2018ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو خوش آئندہ قرار دیتے انتخابی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کے حوالے سے کسی بھی شکایت کوقائم کردہ قانونی اور آئینی نظام کے تحت دور کیا جائے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں سلامتی کونسل کے اراکین نے افغانستان کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں خواتین امیدواروں اور ووٹروں سمیت ووٹرز کی ہمت کو داد دی ۔

اراکین نے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ جمہوری اداروں کے پائیدار فروغ کے لئے اپنی کوششوں میں مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔بیان میں انہوں نے انڈیپنڈنٹ الیکشن کمیشن اور الیکٹورل کمپلینٹس کمیشن کے اہم کردار کی ضرورت پر روز دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششیں کو دوگنا کردیں، جس میں دھوکہ دہی کا پتہ لگانے اوراس کی روک تھام اور نتائج کی محتاط نگرانی کرنا شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قندھار میں ہونے بم دھماکہ کا بھی نوٹس لیا جس کے باعث وہاں انتخابات آئندہ اختتام ہفتہ تک ملتوی ہو گئے۔بیان میں انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے، دھمکیاں دینے اور کسی بھی قسم کے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے ایسے قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔