Live Updates

اپوزیشن نے قومی بحران میں تعاون کا مکمل یقین دلا دیا، فواد چودھری

حکومت کی کشیدہ صورتحال پرپارلیمانی جماعتوں کے فوکل پرسنز مقرر ،شہبازشریف اور بلاول بھٹو کوحکومتی حکمت عملی سے آگاہ کردیا ہے،پارلیمنٹ کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 1 نومبر 2018 17:10

اپوزیشن نے قومی بحران میں تعاون کا مکمل یقین دلا دیا، فواد چودھری
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم نومبر 2018ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ قومی بحران میں ہم سب ایک ہیں، کشیدہ صورتحال پرپارلیمانی جماعتوں کے فوکل پرسنز مقرر کیے گئے، شہبازشریف اور بلاول بھٹو کوحکومتی حکمت عملی سے آگاہ کردیا ہے، پارلیمنٹ کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی بحران پر ہم سب اکٹھے ہیں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو اور شہبازشریف سے ملاقات ہوئی اور اب تک کی حکمت عملی سے اپوزیشن جماعتوں کو آگاہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔ پورا پاکستان اس معاملے میں اکٹھا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں سے بحران سے نکلنے کیلئے مشاورت کررہے ہیں۔

موجودہ صورتحال میں اپوزیشن ، حکومت سمیت پورا پاکستا ن ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک پارٹی کا نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ پارلیمانی جماعتوں کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔ تمام پارلیمانی جماعتوں سے فوکل پرسنزمقرر کرنے پر بات ہوئی۔ جس پرپارلیمانی فوکل پرسنز مقرر کردیے گئے ہیں ۔ فواد چودھری نے کہا کہ احتجاجی مظاہرین کیخلاف جوبھی فیصلہ کیا جائے گا اس میں اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کی رائے شامل ہوگی۔

دوسری جانب  وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت ﷺکیس میں آسیہ بی بی کی رہائی کے بعدملک بھر میں اٹھنے والی شدید احتجاج کی لہر کے پیش نظر قوم سے خطاب کیا اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ریاست کی رٹ کو ہرحال میں یقینی بنایا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرین کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے جائیں گے ، کسی بھی جگہ پر نہ کاروبار بند ہوگا اور نہ ہی سڑکیں بلاک کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

اگر ایسا کیا گیا تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ تاہم آج حکومت نے براہ راست آپریشن کی بجائے احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ پانچ رکنی کمیٹی میں وزیراطلاعات فواد چودھری ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمملکت برائے داخلہ،وزیرمذہبی امور پیر نورالحق اوروزیرخوراک محبوب سلطان شامل ہیں ۔وزیراعظم نے معاملے کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کیلئے مذاکراتی ٹیم کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مذاکراتی عمل کی نگرانی خود کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات