پاکستان نے سی پیک کے ذریعے بس سروس سے متعلق بھارتی وزارت داخلہ امور کے احتجاج اور بیان کو مسترد کر دیا

جمعرات 1 نومبر 2018 23:51

پاکستان نے سی پیک کے ذریعے بس سروس سے متعلق بھارتی وزارت داخلہ امور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) پاکستان نے سی پیک کے ذریعے بس سروس سے متعلق بھارتی وزارت داخلہ امور کے احتجاج اور بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد معاملات کو اٹھا کر بھارت بین الاقوامی برادری کو گمراہ کر سکتا ہے اور نہ ہی اپنے جائز حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کیخلاف اپنے ریاستی جرائم کی پردہ پوشی کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کی تمام ریاست متنازعہ ہے، جس کے حتمی سٹیٹس کا فیصلہ اقوام متحدہ کے زیر نگرانی جمہوری اور غیر جاندارانہ استصواب رائے کے زریعے کیا جائیگا۔یو این قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کیخلاف بھارت نے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے زریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھا ہے۔پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرے اور یو این ہیومن رائٹس کونسل کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔