صنعاء میں الدیلمی ایئربیس پر بیلسٹک میزائلوں کے گودام اور لانچنگ پیڈز تباہ

اتحادی فورسز نے صنعاء میں الدیلمی ایئر بیس میں عسکری اہداف کے خلاف کارروائی کی ،ترجمان اتحادی فورسز

جمعہ 2 نومبر 2018 11:50

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2018ء) یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے جمعہ کو علی الصبح ایک اعلان میں بتایا ہے کہ اتحادی فورسز نے صنعاء میں الدیلمی ایئر بیس میں عسکری اہداف کے خلاف کارروائی کی ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کارروائی کے دوران بیلسٹک میزائلوں کے گودام اور ان کے لانچنگ پیڈز، ڈرون طیاروں کے کنٹرول کے زمینی اسٹیشنز اور گولہ بارود کے استعمال کے ورکشاپس کو تباہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ کارروائی ایران نواز دہشت گرد حوثی ملیشیا کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کے بعد حاصل ہونے والی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ اس کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے خطرہ بننے والی اس عسکری قدرت کو تباہ کرنا اور ان پر روک لگانا تھا۔ترکی المالکی کے مطابق صنعاء کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ کام کرتا رہے گا اور اقوام متحدہ کے زیر انتظام طیاروں اور دیگر امدادی طیاروں کے لیے ایئر نیوی گیشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عرب اتحاد کی فورسز کے ترجمان نے واضح کیا کہ عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی حالیہ کارروائی بین الاقوامی انسانی قانون کا پورا خیال رکھتے ہوئے عمل میں لائی گئی۔