مصرمیں بینائی سے محروم خاتون بینا لوگوں کے فن میں یکتا

38سالہ خاتون منال کروشیا کے پرس، بیگ اور دیگر مصنوعات تیار کرنے لگیں

جمعہ 2 نومبر 2018 16:54

مصرمیں بینائی سے محروم خاتون بینا لوگوں کے فن میں یکتا
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2018ء) مصر سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ خاتون منال بباوی نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ذیابیطس کے مرض کے سبب بینائی کھو کر وہ اپنے بچپن سے محبوب مشغلے کروشیا کی دست کاری سے محروم ہو جائیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کیمطابق منال کی عمر 26 برس تھی تو وہ شوگر کی ذیادتی کے سبب بصارت سے محروم ہو گئیں۔

تاہم اس کے باوجود انہوں نے ایک ایسے پیشے میں کامیابی حاصل کی جہاں صرف بینا لوگ ہی مہارت رکھتے ہیں۔ بے شمار مشکلات اور کٹھن حالات کے باوجود منال نے دست کاری کی مصنوعات میں نام پیدا کیا۔منال نے بتایا کہ انہوں نے کروشیا سے کڑھائی ، بٴْںائی اور دیگر دست کاری کا فن پرائمری اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران سیکھا۔ آنکھوں کی بینائی چلے جانے کے بعد منال نے ملازمت کے حصول کی پوری کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوئیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد انہوں نے اپنے بچپن کے پرانے محبوب مشغلے کی طرف لوٹنے کا ارادہ کیا اور کروشیا کے پرس، بیگ اور دیگر مصنوعات تیار کرنے لگیں۔عزیز و اقارب اور دوستوں کی بھرپور حوصلہ افزائی پر منال نے فیس بک پر ایک پیچ بنا لیا اور اپنی ان مصنوعات کی مارکیٹنگ شروع کر دی۔منال اپنی مصنوعات کے لیے رنگوں کے انتخاب میں اپنی بہنوں کی مدد لیتی ہیں۔

انہوں نے اپنی دست کاری کی مصنوعات کو وسیع پیمانے پر فروغ دینے کے لیے کمپیوٹر کا استعمال سیکھا۔منال بباوی دوسروں کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ زندگی میں آنے والی مشکلات اور مسائل کا سامنا پٴْر امید رہ کر صبر اور ثابت قدمی کے ساتھ کرنا چاہیے۔ منال کا خواب ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کی ایک بڑی نمائش منعقد کریں اور دست کاری کے فن میں عالمی سطح پر جانی جائیں۔

متعلقہ عنوان :