حکومت اور مظاہرین کے مابین مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ

حکومت اور تحریک لبیک کے رہنماوں میں 5 نکاتی معاہدہ طے پا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 2 نومبر 2018 21:43

حکومت اور مظاہرین کے مابین مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 نومبر 2018ء) :حکومت اور مظاہرین کے مابین مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں، دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا حکومت اور تحریک لبیک کے رہنماوں میں 5 نکاتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رُکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم خان بھی بنچ کا حصہ تھے۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آسیہ بی بی کو الزامات سے بری کیا اور رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔جس کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے مظاہرے کئیے جارہے تھے ۔ملک کے بڑے شہروں میں حالات بدستور کشیدہ تھے۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق حکومت اور مظاہرین میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔

(جاری ہے)

5 نکاتی معاہدے کے بعد حکومت اور مظاہرین میں اتفاق پایا گیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اپیل میں حائل نہیں ہو گی۔

آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔حالیہ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ گرفتار کئیے جانے والے کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔