Live Updates

خادم حسین رضوی اور اشرف آصف جلالی کے ساتھ حکومتی معاہدوں میں فرق

خادم حسین رضوی کے ساتھ ہونے والا معاہدہ 5 شقوں جبکہ اشرف آصف جلالی کے ساتھ ہونے والا معاہدہ 4 شقوں پر مشتمل ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 4 نومبر 2018 12:22

خادم حسین رضوی اور اشرف آصف جلالی کے ساتھ حکومتی معاہدوں میں فرق
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 نومبر 2018ء) :خادم حسین رضوی اور اشرف آصف جلالی کے ساتھ ہونے والے حکومتی معاہدے میں ایک شق کا فرق ہے،اشرف آصف جلالی نے معافی والی شق اپنے معاہدے میں نہیں لکھوائی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں مذہبی تنظیموں کی جانب سے مظاہرے شروع کر دئیے گیے تھے۔

مظاہرے کے پہلے روز ہی وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے دلیرانہ تقریر کی جس کے بعد عوام کو امید پیدا ہوئی کہ شائد وزیر اعظم کوئی ٹھوس قدم اٹھائیں ۔تاہم وزیر اعظم ملک سے باہر چلے گئے اور مظاہرین 3 دن تک عوام کی جان مال اور املاک کے ساتھ کھیلتے رہے تاہم حکومت نے بھی گزشتہ حکومت کی طرح مظاہرین سے معاہدہ کر لیا۔
5 نکاتی معاہدے کے بعد حکومت اور مظاہرین میں اتفاق پایا گیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اپیل میں حائل نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔حالیہ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ گرفتار کئیے جانے والے کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔

اس معاہدے کے بعد تحریک لبیک کے سرکردہ رہنماوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا ۔تاہم اشرف آصف جلالی گروپ نے مذاکرات سے لاتعلقی ظاہر کر دی تھی اور دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا تھا۔اشرف آصف جلالی گروپ کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کو تسلیم نہیں کرتے اور ہماراان مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ۔ ہمارا دھرنا جاری رہے گا اورہم اپنی جدوجہد کریں گے۔

تاہم اس حوالے سے گزشتہ شب ڈاکٹراشرف آصف جلالی نے بھی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔اس بات کا اعلان انہوں نے کارکنان سے خطاب میں کیا ۔قیادت کی جانب سے دھرنا ختم کئیے جانے کے اعلان کے بعد کارکنان نے دھرنا ختم کر دیا ہے۔اس حوالے سے خبر یہ ہے کہ اشرف آصف جلالی اور حکومت میں بھی خادم حسین رضوی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی طرز پر ایک معاہدہ ہوا ہے۔

خادم حسن رضوی اور اشرف آصف جلالی والے معاہدے میں 1 شق کا فرق ہے۔خادم حسین رضوی کے ساتھ کئیے جانے والے معاہدے میں 5 شقیں تھیں جبکہ اس میں صرف 4 شقیں موجود تھیں۔اس میں موجود مذکورہ 4 شقیں الفاظ کی تبدیلی کے ساتھ وہی ہیں جو خادم حسین رضوی کے معاہدے میں تھیں تاہم انہوں نے ملکی املاک کے نقصان پر معافی نہیں مانگی۔اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے خود کو خادم رضوی گروپ سے الگ کر لیا ہے اور پرتشدد مظاہرین سے بالکل لاتعلقی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ خادم حسین رضوی کے گروپ نے بلواسطہ یا بلا واسطہ کسی بھی تخریب کاری میں شامل ہو نے پر معذرت کی ہے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات