Live Updates

وزیر اعظم کو آپریشن کے لیے اکسانے والا طبقہ لال مسجد کے معاملے پر پرویز مشرف کے ساتھ بھی ہاتھ کر چکا ہے

کالم نگار جاوید چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صدر مشرف کے مطابق نجم سیٹھی نے انہیں لال مسجد کے آپریشن کے لیے اکسایا اور بعد میں منحرف ہو گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 4 نومبر 2018 12:37

وزیر اعظم کو آپریشن کے لیے اکسانے والا طبقہ لال مسجد کے معاملے پر پرویز ..
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 نومبر 2018ء) :وزیر اعظم کو آپریشن کے لیے اکسانے والا طبقہ لال مسجد کے معاملے پر پرویز مشرف کے ساتھ بھی ہاتھ کر چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے دھرنوں کے پہلے روز ہی قوم سے دلیرانہ تقریر کی جس کے بعد عوام کو امید پیدا ہوئی کہ شائد وزیر اعظم کوئی ٹھوس قدم اٹھائیں ۔تاہم وزیر اعظم ملک سے باہر چلے گئے اور مظاہرین 3 دن تک عوام کی جان مال اور املاک کے ساتھ کھیلتے رہے تاہم حکومت نے بھی گزشتہ حکومت کی طرح مظاہرین سے معاہدہ کر لیا۔

5 نکاتی معاہدے کے بعد حکومت اور مظاہرین میں اتفاق پایا گیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اپیل میں حائل نہیں ہو گی۔آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

حالیہ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ گرفتار کئیے جانے والے کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔

تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔اس معاہدے کے طے ہونے پر جہاں عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے وہیں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس معاہدے کی تصویری کاپیاں شئیر کی جارہی ہیں اور یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے آخرکار یہی کچھ کیا جانا تھا تو 3 دن عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنانے کا مقصد کیا تھا۔

سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا یہ ہے وزیر اعظم عمران خان کا طرز حکومت کہ جس کو انہوں نے چھوٹا سے طبقہ کہا بعد میں خود ہی اس کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے اور ان کے سارے مطالبات کو من و عن تسلیم کر لیا گیا۔عوام نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ شرمناک اور حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔عوام الناس کے بعد خواص بھی اس معاہدے کو ناپسندیدہ نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔

اس موقع پر خود کا روشن خیال تصور کرنے والے اس بات کے حامی تھے کہ مظاہرین کے خلاف گرینڈ قسم کا آپریشن کر کے انکی کمر توڑ دی جائے اور انکو ایسا سبق سکھایا جائے کہ یہ دوبارہ ملک کو لاک ڈاون کرنے کی جرات بھی نہ کریں۔تاہم اگر ماضی کے حالات و واقعات کا جائزہ لیا جائے تو حکومت کا مظاہرین کے ساتھ معاہدہ 100 فیصد درست معلوم ہوتا ہے کیونکہ یہی لوگ اس سے پہلے پرویز مشرف کو بھی لال مسجد آپریشن کے لیے اکسا چکے تھے تاہم آپریشن کے بعد اپنی ہی بات سے پھر گئے۔

معروف کالم نگار جاوید چوہدری نے اپنے کالم میں دعویٰ کیا تھا  کہ پرویز مشرف نے مجھے ایک ملاقات میں بتایا کہ نجم سیٹھی جیسے لوگوں نے مجھے لال مسجد آپریشن کیلئے اکسایا لیکن جیسے ہی آپریشن مکمل ہوا تو یہ لوگ بھاگ گئے۔اس ساری صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم اور حکومت کا فیصلہ بظاہر ناگوار مگر بہتر معلوم ہوتا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات