پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز مالیکولر بائیولوجی کنسورشیم قائم کریں گے

بدھ 7 نومبر 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس دیگر اداروں کے تعاون سے مالیکولر بائیولوجی کنسورشیم قائم کریں گے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور پروفیسر نیاز احمد سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور مالیکیولر بائیولوجی کنسورشیم کے قیام پر بات چیت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیوجی پروفیسر ڈاکٹر طیب حسنین ، پروفیسر ڈاکٹر ایس ریاض الدین و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے مالیکیولر بائیولوجی کنسورشیم کا آئیڈیا ملکی و بین الاقوامی سطح کے سائنسدانوں ،کلنکس، محققین ، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی میں پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی ایجادات سے شعبہ صحت میں عام عوام کو سستی اور موثر سہولیات میسر آئیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نومبر کے آخری ہفتے میں کنسورشیم کے قیام سے متعلق فیصلے کا جائزہ لینے کیلئے تمام ممبران کا اجلاس بلایا جائے گااور حتمی اقدامات لئے جائیں گے ۔اگلے اجلاس میں مالیکیولر بائیولوجی کنسورشیم سے متعلق اجلاس میں خاص طور پر کلینکل استعمال کیلئے سٹیم سیلز کی پیداوار کی تفصیل فائنل کی جائے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کنسورشیم میں حصہ لینے والے تمام اداروں کو مشورہ دیا کہ وہ منصوبے سے متعلق تحقیقی تجاویز ایچ ای سی /پی ایس ایف میں جمع کرائیں تاکہ کنسورشیم کیلئے مالی منظوری لی جا سکے۔