Live Updates

حکمراں جماعت بھی نیب کیخلاف ہوگئی؟

وزارت خزانہ نے نیب کی جانب سے فنڈ فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی

muhammad ali محمد علی بدھ 7 نومبر 2018 21:26

حکمراں جماعت بھی نیب کیخلاف ہوگئی؟
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 نومبر 2018ء) حکمراں جماعت بھی نیب کیخلاف ہوگئی؟ وزارت خزانہ نے نیب کی جانب سے فنڈ فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف بھی نیب کے ادارے سے نالاں دکھائی دینے لگی ہے۔ نیب کی جانب سے حکومت کو فنڈز کی فراہمی کی ایک درخواست بھیجی گئی تھی۔ نیب کی اس درخواست پر وفاقی وزارت خزانہ کچھ زیادہ خوش دکھائی نہیں دیتی۔

نیب کی جانب سے بھیجی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ وزارت خزانہ ادارے کو 1 ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈ جاری کرے۔ نیب کا ادارہ مالی مشکلات کا شکار ہے، اس لیے 1 ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈ فوری جاری کیے جائیں۔ نیب کی اس درخواست پر وزارت خزانہ نے بھی ردعمل دے دیا ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ نے نیب کی درخواست مسترد کردی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ فی الحال نیب کو 1 ارب 10 کروڑ روپے کا فنڈ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔

نیب کو سالانہ بجٹ دے دیا جاتا ہے، اس لیے مالی سال کے درمیان میں دوبارہ سے فنڈ جاری کرنا فی الحال ممکن نہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث قومی احتساب بیورو شدید مالی بحران کا شکار ہو گیا،ہارڈ شپ الائونسز ریکوری اینڈ ریوارڈ نہ ملنے کے باعث ملازمین شدید ذہنی دبائو میں مبتلاء ہونے لگے ، چیئرمین نیب کی جانب سے دو ملازمین کے بچوں کی شادی کیلئے جیب سے دو لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔

انتہائی معتبر ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے وزیراعظم عمران خان سے اپنی ملاقات کے دوران ملازمین کے الائونسز اور دیگر فنڈز بحال کرنے کی بات کی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ نیب کو مالی بحران سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ضروری فنڈز کا اجراء جلد کرا دیں گے تاہم وزیرخزانہ نے رقم نہ ہونے کا بہانہ بنا کر فنڈز دینے سے انکار کردیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ نیب فنڈز گزشتہ دور حکومت میں بھی روکے گئے تھے تاکہ مالی بحران کے باعث اہم انکوائریوں میں پیشرفت نہ ہو سکے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات