Live Updates

وزیراعظم پاکستان کا دورہ چین کامیاب رہا ہے،دونوں ممالک نے دورے کے دوران کئے جانیوالے معاہدوں پرعملدرآمد اورپاک چین سدا بہار تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاہے، ترجمان چینی وزارت خارجہ

پاکستان اورچین سدابہارسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت اوراندرونی وبین الاقوامی تبدیلیوں کی آزمائش پرپورا اترے ہیں،چین پاکستان کو اپنی بہترین استعداد کے مطابق معاونت فراہم کررہاہے،عوام کو روزگاردینے کے شعبے میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے،چن ینگ کی پریس بریفنگ

بدھ 7 نومبر 2018 22:38

وزیراعظم پاکستان کا دورہ چین کامیاب رہا ہے،دونوں ممالک نے دورے کے دوران ..
بیجنگ /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) چین نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ چین کوکامیاب قراردیتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک نے دورے کے دوران کئے جانیوالے معاہدوں پرعملدرآمد اورپاک چین سدابہارتزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاہے،پاکستان اورچین سدابہارسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت اوراندرونی وبین الاقوامی تبدیلیوں کی آزمائش پرپورا اترے ہیں،چین پاکستان کو اپنی بہترین استعداد کے مطابق معاونت فراہم کررہاہے،عوام کو روزگاردینے کے شعبے میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔

بدھ کو چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کادورہ چین بہت کامیاب رہا اورہم اس دورے کے نتائج سے بہت مطمئن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے طے پانیوالے سمجھوتوں پرعمل درآمد اورپاک چین سدابہارتزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق ظاہرکیاہے۔

ترجمان نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے دورے کے اختتام پرجاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں پورے دورے کے حاصلات کا احاطہ کیا گیاہے۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین کے حاصلات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس دورے سے دونوں ممالک کے رہنمائوں کے درمیان دوستی گہری ہوگئی ہے کیونکہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا چین کایہ پہلا دورہ تھا، صدرشی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اوردیگر چینی رہنمائوں کی وزیراعظم پاکستان کے ساتھ دوستانہ ملاقاتوں کا تبادلہ ہوا اوران کے مابین بہترتعلقات کاراستوار ہوئے ، اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان خصوصی دوستانہ تعلقات مزیدمضبوط ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین سدابہارسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں، اورتعلقات اعلیٰ ترین سطح پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت اوراندرونی وبین الاقوامی تبدیلیوں کی آزمائش پرپورا اترے ہیں، دونوں ممالک نے سدابہارسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط و مستحکم کرنے اورمشترکہ مقدرکیلئے گہرے مراسم استوارکرنے پراتفاق کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے دورے نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو وسعت دی ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے اورپاکستان اورچین کے وزرائے خارجہ کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کے میکنزم کے قیام پربھی اتفاق ظاہرکیاہے تاکہ دوطرفہ تعلقات اورتعاون پردونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری ہو۔

وزیراعظم پاکستان کے دورے دونوں ممالک کے مابین عملی تعاون اور دوستانہ تبادلوں کو مضبوط بنانے پراتفاق ہوا ہے دونوں ممالک چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبہ کو آگے بڑھانے اوراس کے تحت منصوبوں کو وسعت دینے پر بھی متفق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اقتصادیات، مالیات، سائنس وٹیکنالوجی، زراعت، عوامی رابطوں کے فروغ میں تعاون کوفروغ دینے سے اتفاق کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تکثریت، آزادانہ تجارت، اوریکساں وبامعنی تعاون کی ضرورت پرزوردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران ایک درجن سے زائد تعاون کی دستاویزات پردستخط ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کو اپنی بہترین استعداد کے مطابق معاونت فراہم کررہاہے، مستقبل میں پاکستان کی ضروریات کومدنظر رکھتے ہوئے اورباہمی رضامندی سے ہم پاکستان کو اقتصادی معاونت کی پیش کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ عوام کو روزگاردینے کے شعبے میں بھی ہم پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ دورے سے علاقائی اوربین الاقوامی امورپردونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کے عمل کو فروغ ملاہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات