آسیہ بی بی کو ہالینڈ منتقل کئے جانے کی خبریں

آسیہ بی بی کے وکیل نے ہالینڈ کی حکومت سے پناہ کی اپیل کی ہے

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 8 نومبر 2018 01:46

آسیہ بی بی کو ہالینڈ منتقل کئے جانے کی خبریں
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر۔2018ء) آسیہ بی بی کی ملتان ویمن جیل سے رہائی کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہیں راتوں رات ہالینڈ منتقل کیا جا سکتا ہے۔ آسیہ بی بی کو آج رات ملتان وویمن جیل سے رہا کیا گیا ۔ جہاں سے انہیں سیکورٹی میں ملتان ائیرپورٹ لے جایا گیا ہے ملتان سے انہیں اسلام آباد روانہ کر دیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں نور خان بیس سے آسیہ بی بی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر سوشل میڈیا پر خبریں گردش میں تھیں کہ شاید آسیہ بی بی کو آج راتوں رات ہالینڈ منتقل کر دیا جائے۔ کیونکہ آج ملتان جیل سے رہائی کے موقع پر ہالینڈ کے سفیر کا خصوصی ایلچی آسیہ بی بی کے استقبال کیلئے موجود تھا ۔ آسیہ بی بی کے وکیل نے بھی ہالینڈ کی حکومت سے پناہ کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

  آسیہ بی بی گزشتہ 8 سال سے سینٹرل جیل ملتان میں قید تھیں۔

انہیں توہین رسالت کے کیس میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔جس کو لاہور ہائیکورٹ نے برقرار رکھا۔  تاہم 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی پر لگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ آسیہ بی بی کیخلاف کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا تھا، اسی باعث ان کی پھانسی کی سزا ختم کرتے ہوئے انہیں رہا بھی کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے مظاہرے کئیے جارہے تھے ۔ ملک کے بڑے شہروں میں حالات کئی روز تک کشیدہ رہے۔ تاہم بعد ازاں حکومت اور مظاہرین میں معاہدہ طے پا گیا۔ 5 نکاتی معاہدے کے بعد حکومت اور مظاہرین میں اتفاق پایا گیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اپیل میں حائل نہیں ہو گی۔آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ گرفتار کئیے جانے والے کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔