کراچی کے شہریوں میں بہرہ پن بڑھنے لگا

شہر کے بے ہنگم ٹریفک کے باعث 45 سال سے زائد عمر کے 80 فیصد لوگ سماعت کے کسی نہ کسی مسئلے کا شکار ہیں، ماہرین

جمعرات 8 نومبر 2018 14:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2018ء) کراچی کے شہریوں میں بہرہ پن بڑھنے لگا، ماہرین کے مطابق شہر کے بے ہنگم ٹریفک کے باعث 45 سال سے زائد عمر کے 80 فیصد لوگ سماعت کے کسی نہ کسی مسئلے کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں اس وقت 60 لاکھ سے زائد گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں،گاڑیوں اور ماحول میں پائے جانے والے اس شور شرابے سے شہری متاثر ہورہے ہیں، ماہرین کے مطابق شہر میں شور کی آلودگی سے قوت سماعت میں کمی، ذہنی دبائو، چڑا چڑا پن اور دیگر نفسیاتی مسائل تیزی سے جنم لے رہے ہیں ۔

نہ صرف یہ بلکہ شور کی آلودگی نیند میں کمی، دل کے امراض اور ہائی بلڈ پریشر جیسے موذی امراض بھی تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق شور کی آلودگی سے انسان میں مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے،ایک سروے کے مطابق کراچی میں شور کا تناسب پچھلے دس سال میں دگنا ہوچکا ہے۔ایک اور تحقیق کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹریز میں کام کرنے والے 60 فیصد افراد کی سماعت متاثر ہوئی ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت مند ماحول کے لئے شور کی آلودگی پر قابو پانا بے حد ضروری ہے

متعلقہ عنوان :