چاند نظر نہیں آیا، ہفتہ کو یکم ربیع الاول اور عید میلاد النبیﷺ بروزبدھ 21نومبر کو ہوگی، مفتی منیب الرحمن

جمعرات 8 نومبر 2018 20:59

چاند نظر نہیں آیا، ہفتہ کو یکم ربیع الاول اور عید میلاد النبیﷺ بروزبدھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2018ء) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا۔ یکم ربیع الاول 1440ھ ہفتہ 10 نومبر اور عید میلاد النبیﷺ بدھ 21نومبر 2018ء کو ہوگی۔ بدھ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت دفتر محکمہ موسمیات میٹ کمپلیکس موسمیات چورنگی یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی سے حافظ محمد سلفی، قاری محمد اقبال مولانا نذیر احمد نعیمی، مولانا صابر نورانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی۔ فنی معاونت کے لئے محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید اور اسپارکو سے غلام مرتضیٰ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان بھر میں صوبائی وضلعی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز پر منعقد ہوئے۔

بیشتر علاقوں میں مطلعب ابر آلود تھا۔ بعض مقامات پر صاف تھا کسی مقام سے رویت کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بھی عدم رویت کی رپورٹ دی۔ لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ربیع الاول 1440ھ ہفتہ 10نومبر اور عید میلاد النبیﷺ بدھ 21 نومبر 2018ء کو ہوگی۔ مفتی منیب الرحمن نے تمام مسلمانان عالم کو ماہ ربیع الاول اور عیدمیلاد النبیﷺ کی مبارکباد پیش کی اور امت مسلمہ اور وطن عزیز کی سلامتی اور امن وامان کی بحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔