30نومبر کے بعد کرشنگ کا آغاز نہ کرنے والی شوگر ملزپر یومیہ جرمانہ عائد ہوگا،کمشنر

جمعرات 8 نومبر 2018 23:39

فیصل آباد۔8 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2018ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ڈویژن بھر میں گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران کاشتکاروں کا استحصال کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی اور30نومبر کے بعد کرشنگ کا آغاز نہ کرنے والی شوگر ملزکو پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ کے تحت یومیہ جرمانہ بھی ہوگا۔

انہوں نے یہ بات گنے کے کرشنگ سیزن کے حوالے سے محکمہ زراعت،شوگر ملز اور کاشتکاروں کی مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن ہارون الرشید،ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید،ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل،ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،محکمہ زراعت کے دیگر افسران،کاشتکاروں کے نمائندے میاں ریحان الحق،چوہدری نذیر احمد اور شوگر ملز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ کرشنگ سیزن کی مکمل مانیٹرنگ کریں گے اور ڈویژنل وضلعی انتظامیہ گنے کے کاشتکاروں اورشوگر ملز کے حقوق کا تحفظ کرے گی تاہم ملز کی طرف سے ایک روپے کی بھی ناجائز کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ گنے کے غیر قانونی کنڈوں کو خریداری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی لہذا مجاز کنڈوں کے مالکان ضروری دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں تاکہ دوران چیکنگ انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈویژنل کمشنر نے شوگر ملز انتظامیہ سے کہا کہ وہ کاشتکاروں کی ہرممکن سہولیات کا خیال رکھیں اس ضمن میں گنے کے وزن میں بلاجوازکٹوتی سے اجتناب کے علاوہ گنے کی ٹرالیوں کو غیر ضروری انتظار کرانے سے گریز اور مقررہ دنوں میں گنے کی قیمت کی ادائیگیوں کویقینی بنائیں۔ڈائریکٹر زراعت نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ڈویژن میں 5لاکھ 15ہزار570ایکٹر رقبہ پر گنے کی پیداوار متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فی من گنا کی سرکاری قیمت 180روپے مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں 14شوگر ملز فنکشنل ہیں اور متعلقہ قوانین کے تحت شوگرملز 30نومبر تک کرشنگ سیزن شروع کرنے کی پابند ہیں۔اس موقع پر کاشتکاروں کے نمائندوں نے مڈل مین کی سختی سے حوصلہ شکنی،ناجائز کنڈوں کے خلاف کارروائی اور سابقہ بقایا جات کی ادائیگی پر زور دیا جبکہ شوگر ملز کے نمائندوں نے کرشنگ سیزن کے دوران کاشتکاروں سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ 30نومبر تک شوگر ملز کرشنگ شروع کردیں گی۔

متعلقہ عنوان :