آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا لاہور میں تھانہ پرانی انارکلی کااچانک دورہ

جمعہ 9 نومبر 2018 19:06

آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا لاہور میں تھانہ پرانی انارکلی کااچانک ..
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) تمام فیلڈ آفیسرز اور سی پی او میں ایڈمن اور ڈسپلن آفیسر صوبے بھر میں تھانوں کے اندرورکنگ انوائر منٹ کو بہتر بنانے کے لیے پہلے سے جاری کیے گئے ایس او پیز پر عملد رآمد کو یقینی بنائیں تا کہ کام کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سائلین کو ایک با وقار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

آئی جی پنجاب، امجد جاوید سلیمی نے ان خیالات کا اظہارعلی الصبح تھانہ پرانی انارکلی کے اچانک دورے کے بعد سنٹرل پولیس آفس میںبلائے گئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی آپریشنز پنجاب، اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، سجاد حسن منج، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، بابر بخت قریشی، اے آئی جی ڈسپلن، ذبیر دریشک، اے آئی جی ایڈمن ، اسد سرفرازاور اے آئی جی انسپکشن، فیصل مختار کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے اے آئی جی ایڈمن اور ڈسپلن کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام فیلڈ افسروں کے ساتھ تھانوں کی ورکنگ کنڈیشن کے بارے میں ہفتہ وار بنیادوں پر اپ ڈیٹس لے کر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھیں اور تھانوں میں ایس ایچ او آفس، محرر آفس، مال خانوں ، حوالات ، کوت ، ریکارڈ رومزاور خصوصی طور پر واش رومز کی صفائی ستھرائی پر توجہ دیں۔

انہوں نے افسروں کو کہا کہ وہ صوبے بھر میں موجود تھانوں کے سرپرائز وزٹ کا سلسہ جاری رکھیں اورصفائی ستھرائی میں کوتاہی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اس کے علاوہ آئی جی پنجاب نے یہ بھی حکم دیا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے تا کہ اہلکاروں کو پانی سے لگنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں وافر فنڈز فراہم کیے جاچکے ہیں لیکن کسی جگہ پر اگر فنڈز کی ضرورت ہو تو وہاں فوری طور پر فنڈز فراہم کریں۔