Live Updates

ہالینڈ کا پاکستان میں موجود سفارتخانہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا

ہالینڈ کا سفارتخانہ آسیہ بی بی کی ممکنہ ہالینڈ منتقلی کے بعد سکیورٹی صورتحال بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر بند کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 12 نومبر 2018 11:50

ہالینڈ کا پاکستان میں موجود سفارتخانہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 نومبر 2018ء) : پاکستان میں موجود ہالینڈ کا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کا سفارتخانہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق سفارتخانے میں طے شدہ انٹرویوز کو بھی تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے جبکہ سفارتخانے نے ویزا کے لیے نئی درخواستوں کی وصولی بھی روک دی ہے۔

سفارتخانے کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے توہین رسالت ﷺ کیس میں آسیہ بی بی کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا۔ کچھ رپورٹس کے مطابق آسیہ بی بی کی رہائی کے وقت ہالینڈ ک سفارتکار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے اور آسیہ بی بی کی اہل خانہ سمیت ہالینڈ منتقلی کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آسیہ بی بی کی ہالینڈ منتقلی کے بعد کسی گھبیر صورتحال سے بچنے کے لیے ہالینڈ کے سفارتخانے کو عارضی طور پر بند کیا گیا۔ یاد رہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے پر دنیا بھر کی مسلم امہ غم و غصے کا شکار رہی اور ہالینڈ کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر ان خاکوں کے مقابلے کو بند کروایا جائے ۔ اس معاملے پر سینیٹ کے اجلاس میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرارداد بھی پیش کی تھی۔

سینیٹ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب کو سمجھ نہیں کہ وہ ایسی حرکتوں سے ہمیں کتنی تکلیف دیتا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف فتنہ اٹھانے کیلئے مغرب میں ایسا کرنا بہت آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کو نہیں پتا کہ ہمارے دلوں میں نبی اکرم حضرت محمد ﷺ کے لیے کتنی محبت ہے وزیراعظم عمران خان نے جاری کیے گئے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔

ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ساری مسلم امہ او آئی سی کے فورم سے اقوام متحدہ میں بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اس حوالے سے ہدایات دے دی ہیں، انہوں نے کئی مسلم ملکوں سے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں اس حوالے سے ملاقاتیں کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ انشاء اللہ ہم احتجاج کریں گے، دنیا کو اس مسئلے کے بارے میں سمجھائیں گے، اور انشاء اللہ ہم کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو تمام مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ مغرب کے لوگوں کو اس چیز کی سمجھ نہیں ہے کیوں کہ ہم مسلمانوں نےان کوسمجھایا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح مغرب کے لوگ اپنے دین کو دیکھتے ہیں وہ بالکل مختلف ہے۔جس کے بعد ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اُٹھایا گیا۔ حکومت پاکستان اور عوام کے سخت ردعمل اور احتجاج کے باعث اسلام مخالف ڈچ سیاستدان مقابلہ منسوخ کرنے پر مجبورہو گیا اور مقابلہ منسوخ کیا گیا۔ تاہم اب سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہالینڈ کا سفارتخانہ پاکستان میں عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات