وزارت مذہبی امور نے قومی سیرت کانفرنس کے انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کر دیں

2 روزہ قومی سیرت کانفرنس میںسعودی عرب، ایران، ترکی سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے جید علمائے کرام شرکت کرینگے

پیر 12 نومبر 2018 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) وزارت مذہبی امور نے قومی سیرت کانفرنس کے انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کر دیں ،ْ دو روزہ قومی سیرت کانفرنس 20 اور 21 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں سعودی عرب، ایران، ترکی سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے جید علمائے کرام کی شرکت کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر رواں سال سیرت کانفرنس کا موضوع ’رحمت اللعالمین بسلسلہ جشن عید میلاد النبی‘ ہوگا اور اس سلسلے میں ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ مذہبی جوش وخروش سے منانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں رحمت اللعالمینؐ کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا جس میں عقیدہ ختم نبوتؐ اور آپ ؐ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤںپر جید علمائے کرام اظہار خیال کریں گے ،ْاس کے علاوہ مختلف شہروں میں نعت خوانی،قرأت اور سیرت طیبہ پر لکھے گئے مضامین، کتب اور مقالات کے مقابلے ہوں گے۔

قومی سیرت کانفرنس کے موقع پر کتب سیرت، مقالات سیرت اور آپؐ کی حیات طیبہ پر مختلف قومی اور علاقائی زبانوں میں لکھے گئے مضامین میںاول، دوم اور سوم آنے والوںکی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔