نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں ،ہماری نئی نسل میں بہت پوٹینشل ہے جسے صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے،حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار پاکستان آسکیں ، وزیر اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری کالمز یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب

منگل 13 نومبر 2018 01:20

لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ انسانیت کی فلاح و بہبود پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے‘ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، ہماری نئی نسل میں بہت پوٹینشل ہے جسے صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے‘ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار آسکیں۔

وہ پیر کی شام لمز یونیورسٹی میں اربن یوتھ پراجیکٹ کے زیر اہتمام ایوارڈ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وائس چانسلر لمز یونیورسٹی ڈاکٹر ارشد احمد، سٹی فائونڈیشن، برٹش ایشین ٹرسٹ،لمز نیشنل انکوبیشن سنٹر کے عہدیدران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں 61 نوجوانوں میں نقد انعام بھی تقسیم کئے گئے۔زلفی بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی فلاح کیلئے کام کر رہی ہے۔

ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہماری افرادی قوت میں بڑا پوٹینشل ہے۔حکومت نوجونوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے اور انہیں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جلد " نیا پاکستان کالنگ پروگرام" شروع کر رہی ہے۔اس پروگرام سے اوورسیز پاکستانیوں کو ملازمت کے مواقع اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ مختلف محکموں میں 6 ہزار سے زائد خالی آسامیوں کو پر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے سٹی فائونڈیشن، برٹش ایشین ٹرسٹ اورلمز نیشنل انکوبیشن سنٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے نوجوانوں جو تربیت فراہم کر رہے ہیں یہ حوصلہ افزاء ہے اور جن نوجوانوں کو اچھی کاکردگی کی بنا پر آج ایوارڈ ملے ہیں یہ ان کی بہتر تربیت کا نمونہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارے اسی طرح کے پروگرامز جاری رکھیں گے جس سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو انہیں اپنے کاروبار چلانے میں مدد فراہم کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں زلفی بخاری نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ جو ادارے نقصان میں جا رہے ہیں ان کو منافع بخش بنائیں گے اور ان میں توسیع کرینگے تاکہ روزگار کے مزید مواقع فراہم ہو سکیں۔