Live Updates

حکومت نے آئی ایم ایف کا دباؤ قبول کرنا شروع کردیا

بجلی کی مد میں عوام سے 146 ارب روپے کی سبسڈی واپس لینے کا فیصلہ، حکومت نے بجلی کے یکساں ٹیرف کیلئے نیپرا کو درخواست دے دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 13 نومبر 2018 19:23

حکومت نے آئی ایم ایف کا دباؤ قبول کرنا شروع کردیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 نومبر 2018ء) وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ کوقبول کرنا شروع کردیا ہے،حکومت نے بجلی کی مد میں عوام سے 146 ارب روپے کی سبسڈی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے،حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سبسڈی کی مد میں ریلیف واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کے قرض دینے کی شرائط کوقبول کرنا شروع کردیا ہے۔

حکومت نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو نیا یکساں ٹیرف بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت نے یکساں ٹیرف مقرر کرنے کیلئے نیپرا میں درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔ درخواست کے متن کے مطابق حکومت کے پاس عوام کو بجلی کے یونٹس پر سبسڈی دینے کیلئے رقم نہیں ہے۔ لہذا بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں عوام کیلئے یکساں طور پر ٹیرف بنائیں جس سے سبسڈی کی رقم بھی وصول کی جاسکے۔

(جاری ہے)

درخواست کے تحت 50یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے 2روپے فی یونٹ ٹیرف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔100یونٹ کے استعمال پر5 روپے 79 پیسے، 100سے 200 یونٹس والے صارفین کیلئے 8 روپے 11پیسے فی یونٹ مقررکرنے کی تجویز دی ہے۔ اسی طرح 200 یونٹس سے 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے 10روپے 20 پیسے ، 300 سے 700 تک کے صارفین کیلئے 17روپے 60 پیسے جبکہ 700 سے زائد یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے حکومتی درخواست میں 20روپے 70 پیسے فی یونٹ ٹیرف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومتی درخواست پر نیپراسماعت کے بعد 26 نومبر کو فیصلہ کرے گی۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمیتں بڑھانے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ن لیگی رہنماء مصدق ملک اور مفتاع اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کی ٹیم میں نااہلی ، بدانتظامی اور بدنیتی ہے۔ حکومت کا 100روزہ ایجنڈا سیاسی گفتگو ثابت ہوا۔ کیا حکومت نے 90 ارب کے جونئے ٹیکس لگائے ان کوختم کیوں نہیں کررہی ہے؟ ملک میں مہنگائی اور ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ حکومت ہے۔اکتوبر میں مہنگائی چار فیصد تک بڑھ گئی۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 90ڈالر سے کم ہوکر70ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات