جدہ میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش ’’فوڈیکس سعودی 2018ء‘‘ میں 9 پاکستانی کمپنیوں کی شرکت

چار روزہ نمائش کل اختتام پذیر ہوگی

بدھ 14 نومبر 2018 14:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) سعودی عرب کے ساحلی شہرجدہ میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش میں 9 پاکستانی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ ’’فوڈیکس سعودی 2018ء‘‘ کے نام سے منعقدہ چار روزہ نمائش کل جمعرات کو اختتام پذیر ہو گی۔ اس نمائش میں چاول، فروٹس، سبزیوں، ڈبہ بند کھانوں، بیوریجز، مصالحہ جات، بیکری اورکنفکشنری سے متعلق اشیاء کی نمائش کی جارہی ہے۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے 9 معروف اور اچھی ساکھ کی حامل پاکستانی کمپنیوں کا انتخاب کیا ہے تاکہ سعودی مارکیٹ تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں اضافہ کوممکن بنایا جاسکے۔نمائش کا افتتاح جدہ ایوان صنعت وتجارت کے سیاحت اورتفریح کے شعبہ کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن نواف بن عبدالعزیز السعود نے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعودی عرب میںپاکستان کے کمرشل قونصلرشہزاداحمد خان نے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب صرف بیوریجز اوراشیائے خوراک کی درآمد پر سالانہ 25 ارب ڈالر کازرمبادلہ خرچ کررہاہے ، اس صورتحال میں پاکستانی کمپنیوں کیلئے بہت سارے مواقع موجود ہیں، پاکستانی کمپنیوں کو ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی کمپنیوں کو سعودی عرب کی حلال مارکیٹ تک رسائی کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ پاکستان کے پریس قونصلرمحمد ارشدمنیر نے اس موقع پرکہا کہ پاکستانی قونصلیٹ پاکستانی تاجروں اورسرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کررہاہے۔ اس نمائش میں پاکستان سے جوکمپنیاں شرکت کررہی ہیں ان میں پرل کنفیکشنری کراچی، رومی فوڈز ملتان، کے اینڈاین فوڈکراچی، عامررائس ٹریڈرزگوجرانوالہ، بسم اللہ صالح پراسیسنگ پلانٹ ننکانہ صاحب، کوئیک فوڈ انڈسٹریزکراچی، کافی کچن ، اسماعیل انڈسٹریز کراچی اورکے ایم فوڈ انڈسٹریز لاہورشامل ہے۔