Live Updates

وزیر اعظم عمران خان سیاست میں بہت ناتجربہ کار ہیں اور وہ حکومت سندھ کے اختیارات میں مداخلت کر رہے ہیں، عبدالباری پتافی

ماہی گیری پر پابندی وفاقی حکومت نے لگائی ہے ہم اس معاملے میں سندھ کے ماہی گیر طبقے کے ساتھ ہیں،صوبائی وزیر

بدھ 14 نومبر 2018 23:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز عبدالباری پتافی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سیاست میں بہت ناتجربہ کار ہیں اور وہ حکومت سندھ کے اختیارات میں مداخلت کر رہے ہیں، ماہی گیری پر پابندی وفاقی حکومت کی طرف سے لگائی گئی ہے لیکن ہم اس معاملے میں سندھ کے ماہی گیر طبقے کے ساتھ ہیں اور ہم انہیں بیروزگار نہیں ہونے دیں گے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی آبادی کا 65 فیصد حصہ زراعت اور لائیو اسٹاک سے منسلک ہے، ہمیں مل کر لائیو اسٹاک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہو گا اور لائیو اسٹا ک کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

وہ ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل سائنس کمپلیکس حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے، صوبائی وزیر عبدالباری پتافی نے کراچی میں ماہی گیروں کی ہڑتال کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہا کہ ماہی گیری پر پابندی وفاقی حکومت کی طرف سے لگائی گئی ہے، وزیر اعظم عمران خان سیاست میں بہت ناتجربے کار ہیں اور وہ حکومت سندھ کے اختیارات میں مداخلت کر رہے ہیں، ہم سندھ کے ماہی گیر طبقے کے ساتھ ہیں اور انہیں بیروزگار نہیں ہونے دیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تھر میں قحط زدہ علاقوں میں محکمہ لائیو اسٹاک نے ایک ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت 13 لاکھ جانوروں کو بیماریوں سے بچایو کے ٹیکے لگائے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے قحط زدہ علاقوں میں موجود مویشیوں کے لیے سبسڈی پر غذا کی فراہمی کی سمری منظور کر لی ہے جس کے تحت ان علاقوں میں مویشی مالکان کو مویشیوں کے لیے غذا بھی حکومت کی جانب سے دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک تحقیق کے شعبے میں بھی کام کر رہا ہے تاکہ ہم خود ویکسین تیار کر سکیں، انہوں نے بتایا کہ تین روزہ نمائش کے بعد دوسرے ڈویژنز اور ضلعی سطح پر بھی ایسی نمائشوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ سندھ کے ہر علاقے میں بسنے والے مویشی مالکان مستفید ہو سکیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریقین کو مل کر سندھ میں موجود مویشیوں کے نسلوں کی حفاخت کی جائے کیونکہ ہماری مقامی جانوروں کی نسل بہت ہی نایاب ہوتی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے فروری 2019ء میں مویشیوں کی مختلف اقسام کی نسلوں کے حوالے سے ایک تین روزہ گرینڈ نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس میں سندھ بھر کے مویشی مالکان کو مدعو کیا جائے گا کہ وہ سندھ میں موجود موشیوں کی مختلف اقسام اور نسلوں کو نمائش میں پیش کریں، اس نمائش کا مقصد مویشی مالکان اور عوام کو مویشیوں کے مقامی اقسام اور ان کی خوبیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے، نمائش میں جانوروں کی غذا بنانے والی کمپنیوں اور لائیو اسٹاک کی جدید مشینری بنانے والی کمپنیز کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ ہمارے مویشی مالکان جدید دور کے تقاضوں پر پورا اتر سکیں ۔

(جاری ہے)

بعد اں صو بائی وزیر نے سندھ بھر سے آنے والے مویشی مالکان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور تجاویز سنیں تاکہ نمائش کے انعقاد کے اصل مقاصد حاصل کیے جاسکیں، اس موقع پر صوبائی وزیر عبدالباری پتافی نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ مویشی مالکان کی کیا مشکلات ہیں اس لیے وہ ذاتی طور پران سے ملاقات کے لیے حیدرآباد آئے ہیں، انہوں نے مویشی مالکان کو یقین دلایا کہ محکمے میں موجود خامیاں جلد سے جلد ختم کی جائیں گی اور وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جی ڈی پی کا ایک بہت بڑا حصہ لائیو اسٹاک اور زراعت سے ملتا ہے اس لیے یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ بجٹ ان شعبوں کے لیے مختص کریں، اس موقع پر سیکریٹری لائیو اسٹاک اعجاز احمد مہیسر ، ڈائریکٹر جنرل عبدالقادر جونیجو اور سندھ بھر سے آنے والے مویشی مالکان بھی موجود تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات