پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میںشمولیت نے خطے کی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار کی ہیں، سلیم مانڈوی والا

بدھ 14 نومبر 2018 23:45

پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میںشمولیت نے خطے کی رابطہ کاری اور اقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) ء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میںشمولیت نے خطے کی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار کی ہیںاور پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان خطے ، وسطی ایشیا اور ایس سی او ممالک کیلئے تجارت کا مرکز بن جائے گا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار پاکستان روس کے سفارتی تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے کیا جس کا انعقاد سابق سینیٹر سحر کامران نے کیا تھا ۔ یاد رہے کہ سابق سینیٹر سحرکامران کو روس کی جانب سے اعلیٰ ریاستی ایوارڈ ’’ایوارڈ آف کو آپریشن‘‘بھی دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطے اور عالمی سیاست اقتصادی تعاون اور رابطہ کاری کے گرد گھومتی ہے اور اس سلسلے میں سی پیک خطے کے ممالک کو تجارتی ، اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر سحر کامران کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد بھی دی ۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ پاکستان اور روس تاریخی اعتبار سے ثقافتی و اقتصادی مماثلتوں میں جڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین تجارت، دفاع اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں وسیع گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے سے خطے کے ممالک بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

تقریب سے روس کے سفیر الیکسی دیدوف نے بھی خطاب کیا او ر کہا کہ سینیٹر سحر کامران نے پاکستان اور روس کے مابین تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے موثر کردار ادا کیا ہے ۔ تقریب میں وفاقی وزیر آبی ذرائع فیصل وائوڈا ، سینیٹر شیری رحمان ، کونل شوذب ایم این اے ، سفراء اور بڑی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔