پاکستان میں جنگلات لگانے کی شرح کاٹنے کی شرح سے بہت زیادہ ہے، وزیراعظم کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت سارے صوبوں سے پی سی ون مانگا ہے، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا ایوان بالامیں جواب

جمعہ 16 نومبر 2018 13:40

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان میں جنگلات لگانے کی شرح کاٹنے کی شرح سے بہت زیادہ ہے، وزیراعظم کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت سارے صوبوں سے پی سی ون مانگا ہے، جنگلات صوبائی محکمہ ہے لیکن ہم اٹھارویں ترمیم کے پیچھے کی بجائے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے، صوبوں سے پی سی ون مانگ لیا ہے، جس میں وہ اپنے اہداف اور اعداد و شمار دیں گے۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر چوہدری تنویر خان کے سوال کے جواب میں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بتایا کہ جنگلات کی کٹائی زیادتی ہے، ہم ٹمبر مافیا کے خلاف پوری طرح الرٹ ہیں لیکن جنگلات صوبائی محکمہ ہے، بین الاقوامی سطح پر صوبائی اعداد و شمار اور ڈیٹا قبول نہیں کیا جاتا، وہاں قومی سطح پر مرتب کیا گیا ڈیٹا ہی قابل بھروسہ شمار ہوتا ہے، ہم سی سی آئی میں اس معاملے پر بات کر رہے ہیں، ٹمبر مافیا نے بے دریغ جنگلات کاٹے، مارگلہ ہلز پر جنگلات لگائے جاتے ہیں یا لگتے ہیں اس کو دیکھنا ہو گا، ہم تو آگ بجھانے والوں میں سے ہیں، ہم نے وزیراعظم کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت سارے صوبوں سے پی سی ون مانگا ہے، وہ خود بتائیں گے کہ کتنے درخت لگائیں گے، اور انہوں نے کیا اہداف مقرر کئے ہیں، وزارت صرف فوکل پرسن کا کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی اور فیصل آباد بہت زیادہ آلودگی والے شہر ہیں۔ عائشہ رضا فاروق کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں جنگلات لگانے کی شرح کاٹنے کی شرح سے بہت زیادہ ہے، اب ہم ایسے اقدامات کر رہے ہیں کہ جنگلات لگانے کی شرح بہتر ہو۔ سینیٹر جہانزیب جمالدینی کے سوال کے جواب میں زرتاج گل نے بتایا کہ بلوچستان میں صوبہ کے درخت ہزاروں سال پرانے ہیں، یہ دنیا کے قدیم درختوں میں شامل ہیں، بلوچستان میں جنگلات اور صنوبر کے جنگلات کے تحفظ بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، امید ہے کہ دو ہفتے میں صوبائی حکومت بھی جنگلات سے متعلق پی سی ون دے گی۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی کے میں لگائے گئے درخت نظر آتے ہیں، وزارت موسمیاتی تبدیلی کا جنگلات لگانے اور ان کی حفاظت کرنے کا 3 مرحلے کا پروگرام ہے۔