اقبال کی شاعری میں نوجوان نسل کیلئے پیغام پنہاں ہے، ان کے افکار ہماری زندگی کی راہ متعین کرتے ہیں پروفیسر توفیق الرحمن

جمعہ 16 نومبر 2018 16:40

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) یونیورسٹی آف ہری پور کے پروفیسر توفیق الرحمن نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری میں نوجوان نسل کیلئے پیغام پنہاں ہے، ان کے افکار ہماری زندگی کی راہ متعین کرتے ہیں، پاکستان کی شکل میں ایک الگ مسلم مملکت انہی کا تصور تھا جہاں آج ہم آزاد زندگی بسر کر رہے ہیں۔ وہ جمعہ کو اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے زیراہتمام منعقدہ فکر اقبال کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کر رہے تے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر علامہ محمد اقبال کے افکار اور ان کی تعلیمات کا مطالعہ کیا جائے تو ہمیں ان میں قرآن اور حدیث کی تشریح بھی ملتی ہے، نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے انداز بھی دینی و ملی جذبہ کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی شاعرانہ صلاحیتوں کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اگر علامہ اقبال کی تعلیمات اور ان کے افکار سے آگاہی دے دیں تو ہماری نصف ذمہ داری پوری ہو سکتی ہیں، ہمیں آج اپنی ترجیحات فکر اقبال کی روشنی میں ترتیب دینا ہوں گی اور مشرق کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا ہو گا۔