پاکستان انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی ملک بھر میں بوتل بند(منرل واٹر)پانی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو مانیٹر کرے،سپریم کورٹ

اتوار 18 نومبر 2018 03:10

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی(پاک۔ای پی ای)کو حکم دیا ہے کہ ملک بھر میں بوتل بند(منرل واٹر)پانی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو مانیٹر کریں۔یہاں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت عظمیٰ نے پاک ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ الطاف شاہ کے ہمراہ ڈاکٹر محمد احسان صدیقی ،ڈاکٹر محسنہ زبیر(ڈپٹی ڈائریکٹر(لیب/این ای کیوز))اور علی حسن سید(اسسٹنٹ ڈائریکٹر(پلوشن کنٹرول)) کو یہ ٹاسک دیا ہے۔

ٹاسک ملنے کے بعد ٹیم نے پنجاب میں کام کرنے والی بوتل بند پانی فرخت کرنے والی کمپنیوں نیسلے، کوکاکولا، پیپسی، گورمے، ایکوافینا اور دیگرکا جامع معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ مانیٹرنگ کا یہ عمل ان کمپنیوں کی طرف سے زیر زمین پانی نکالنے والوں، ایکوافئرز،پروڈیوسرز اور پانی نکالنے کے طریقہ کار ،پیوریفکیشن ، معیار کو یقینی بنانے، ماحولیاتی عملدرآمد اور دیگر عوامل کی جانچ پڑتال اور اعدادوشمار جمع کرنے کے لئے شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک ماحولیاتی سائنسدان اور ٹیم کے رکن ڈاکٹر محمد احسان صدیقی نے کہا کہ ٹیم بھرپور جذبہ کے ساتھ دن رات کام کر رہی ہے، تاہم کچھ اضلاع میں معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا واحد مقصد ہر شہری کو پیور پینے کے پانی تک رسائی کی فراہمی ہے۔