اسکول فیسوں میں اضافہ ،

عدالت کا ڈی جی پرائیویٹ اسکولز اور اسکول انتظامیہ پر برہمی کا اظہار آپ چار چار ماہ کی فیسیں ایک ساتھ کیسے وصول کر رہے ہیں مڈل کلاس طبقہ یہ فیسیں کیسے ادا کرے گا،ریمارکس

پیر 19 نومبر 2018 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافہ کیس میں عدالت نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز اور اسکول انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ چار چار ماہ کی فیسیں ایک ساتھ کیسے وصول کر رہے ہیں مڈل کلاس طبقہ یہ فیسیں کیسے ادا کرے گا۔سندھ ہائیکورٹ میں نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں 5 فیصد سے زائد اضافے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے ڈی جی پرائیوٹ اسکول منسوب صدیقی سے استفسارکیا کہ آپ چار چار ماہ کی فیسیں ایک ساتھ کیسے وصول کررہے ہیں مڈل کلاس طبقہ یہ فیسیں کیسے ادا کرے گا ۔عدالت نے کہا کہ ہمارے فیصلے پر عمل نہ کیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، عدالت نے ڈی جی پرائیوٹ اسکولز سے نجی اسکولوں کا 2005 سے اب تک کا فیس اسٹرکچر طلب کرتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پرائیوٹ اسکول منسوب صدیقی کا کہنا تھاکہ کسی بھی اسکول کو بغیر اجازت فیس بڑھانے کی اجازت نہیں دے سکتے، آج عدالت میں رپورٹ بھی جمع کرائی ہے۔میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں والدین کا کہنا تھا کہ ہم وزیر تعلیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے دونجی اسکولوں کے لائسنس کی معطلی پر وکیل کو علیحدہ سے درخواست جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔