Live Updates

آبادی کوکنٹرول کرنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے،آبادی میں سالانہ 2.4 فی صد شرح سے اضافہ ہورہا ہے،2017ء کی مردم وخانہ شماری کےنتائج کی منظوری، آبادی پرکنٹرول کرنے کی سفارشات جلد پیش کی جائیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 نومبر 2018 18:05

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 نومبر 2018ء) وفاقی حکومت نے بڑھتی آبادی کوکنٹرول کرنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا، ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے۔ ملکی آبادی میں سالانہ 2.4 فی صد شرح سے اضافہ ہورہا ہے، بڑھتی آبادی پرکنٹرول کرنے کی سفارشات جلد پیش کی جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ اور سینئرحکام نے شرکت کی۔ اعلامیہ اجلاس کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بڑھتی آبادی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی آبادی میں سالانہ 2.4 فی صد شرح سے اضافہ ہورہا ہے۔ ملک کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 78 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں آبادی کی بڑھتی رفتار پراظہارتشویش کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بڑھتی آبادی کوکنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے۔ اسی طرح صوبائی وزراء ٹاسک فورس کے ممبرز ہوں گے۔ قومی وصوبائی ٹاسک فورسز آئندہ 48 گھنٹوں میں قائم کی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سطح پر وزراء اعلیٰ کی سربراہی میں الگ ٹاسک فورسز بھی قائم کی جائے گی۔

قومی وصوبائی ٹاسک فورسزمستقبل کی حکمت عملی پرجامع ایکشن پلان بنائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ بڑھتی آبادی پرکنٹرول کرنےکی سفارشات جلد پیش کی جائیں۔ مشترکہ مفادات کونسل نے2017 کی مردم وخانہ شماری نتائج کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے ملک میں آبادی کو کنٹرول کرنا انتہائی ضروری کام ہے۔ اگر موجودہ حکومت آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے اتفاق رائے سے پالیسی مرتب کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو ملک کے آدھے مسائل ویسے ہی ختم ہوجائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :