قانون نافذکرنے والے اداروں نے شہرقائد کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرکے 8ملزمان کو گرفتار جبکہ 44کوحراست میں لے لیا

پیر 19 نومبر 2018 20:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) قانون نافذکرنے والے اداروں نے شہرقائد کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرکے 8ملزمان کو گرفتار جبکہ 44کوحراست میں لے لیاہے۔کراچی کے علاقوں پی ای سی ایچ ایس، شاہ لطیف ٹائون، کورنگی، ملیر سعود آباد، قائد آباد، مظفرآباد کالونی اور گلشن بونیر میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے آپریشن کرتے ہوئے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 44 مشکوک افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔

(جاری ہے)

قائد آباد کے علاقے مظفرآباد کالونی اور گلشن بونیر میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے مشترکہ سرچ آپریشن کیا گیا، اس دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی۔پولیس کے مطابق اس آپریشن کے دوران 3منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے، جبکہ 19 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔دوسری جانب کورنگی اور سعود آباد میں بھی پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 25 افراد کو حراست میں لیا ہے۔پی ای سی ایچ ایس اور شاہ لطیف ٹائون سے بھی 5 ملزمان مختلف الزامات کے تحت گرفتار کیے گئے ہیں۔