نبیؐ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف ،سچائی بقائے باہمی ،انسانیت سے ہمدردی ،صبر وبرداشت اور امن ومحبت کی بہتر ین مثال ہے،اسد قیصر

آپ ؐکی سنت و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں حقیقی امن قائم کیا جا سکتا ہے ، سپیکر قومی اسمبلی کا عید میلاد النبیؐ پر پیغام نبی کریم ؐ کی تعلیمات میں سب مسائل کا حل موجود ہے اسوہ حسنہؐ کی پیروی کر کے ہم رنگ ونسل کے امتیازات ختم کر کے اپنی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتے ہیں ،ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری

منگل 20 نومبر 2018 22:22

نبیؐ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف ،سچائی بقائے باہمی ،انسانیت سے ہمدردی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ نبیؐ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف ،سچائی بقائے باہمی ،انسانیت سے ہمدردی ،صبر وبرداشت اور امن ومحبت کی بہتر ین مثال ہے،آپ ؐکی سنت و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں حقیقی امن قائم کیا جا سکتا ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ نبیؐ انتہائی اعلیٰ اخلاق و اوصاف کے مالک تھے ،تعلیمات میں سب مسائل کا حل موجود ہے اسوہ حسنہؐ کی پیروی کر کے ہم رنگ ونسل کے امتیازات ختم کر کے اپنی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتے ہیں ۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یہ بات عید میلا دالنبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) بدھ کو پورے عالم اسلام میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

عید میلادالنبیؐ کے باسعادت موقع پر امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ نبیؐ کی آمد ساری کائنات کیلئے باعث رحمت اور آپ ؐکی سیرت انسانیت کیلئے رشد وہدایت کا سر چشمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبیؐ کی سنت پر عمل کر کے ہم اپنی تما م مشکلات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپؐ نے اپنے او صاف کاملہ اور اعلیٰ کردار کے ذریعے لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں ایک انقلاب بر پا کر کے انسانیت کو جہالیت کی اتھاہ تاریکیوں اور شرک کے اندھیروں سے نکال کر انسانیت کے اعلی درجوں پر فائز کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ نبیؐ کا امتی ہونا ہمارے لیے اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے۔

جس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ نبیؐ کی حیات طیبہ مینار نور ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے اور قیامت تک آنے والے انسانوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نبیؐ انتہائی اعلیٰ اخلاق و اوصاف کے مالک تھے اور آپ نبی ؐ نے پاکیزہ سیرت اور ذاتی عمل کے ذریعے انتہائی قلیل عرصہ میں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لا کر دنیا میں ایک انقلاب برپا کیا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک مکمل ضابطہ اخلاق دیا۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ نبی ؐ کی سیرت طیبہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس کی پیروی ہر فرد کو کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نبیؐ کی تعلیمات میں سب مسائل کا حل موجود ہے ان کے اسوہ حسنہؐ کی پیروی کر کے ہم رنگ ونسل کے امتیازات ختم کر کے اپنی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتے ہیں ۔