حکومت دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو صحت عامہ کی معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اے ایف آئی ڈی میں 11 ویں بین الاقوامی کانفرنس برائے اورل اینڈ میگزیلو فیشل سرجنز سے خطاب

جمعرات 22 نومبر 2018 15:10

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت عوام الناس بالخصوص دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو صحت عامہ کی معیاری خدمات کی فراہمی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوںنے یہ بات جمعرات کو یہاںآرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹری (اے ایف آئی ڈی) میں 11 ویں بین الاقوامی کانفرنس برائے اورل اینڈ میگزیلو فیشل سرجنز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے بحیثیت مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایف آئی ڈی اور پاکستان ایسوسی ایشن آف اورل اینڈ میگزیلو فیشل سرجنز (پی اے او ایم ایس) کو اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ کانفرنس شرکاء کے لئے سیکھنے کا بہت تجربہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈینٹسٹری کے شعبہ میں اے ایف آئی ڈی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ ادارہ ملک میں چیدہ چیدہ مراکز فضلیت میں سے ایک ہے جو ڈینٹسٹری کے شعبوں میں علاج معالجہ کی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے۔

صدر مملکت جو خود بھی ایک ڈینٹسٹ ہیں، نے ڈینٹسٹری کے میدان میں رونما ہونے والی پیش ہائے رفت اور انسانی جسم کی مجموعی فٹنس میں اورل ہیلتھ کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ انہوں نے ڈینٹسٹری میں اورل اور میگزیلو فیشل سرجری کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ اس قسم کی کانفرنسز بہتری کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ہوںگی۔