سرگودھا یونیورسٹی کے لاہور اور منڈی بہائوالدین میں کھولے گئے غیر قانونی کیمپس کیس میں 6ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

جمعرات 22 نومبر 2018 17:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) احتساب عدالت نے سرگودھا یونیورسٹی کی جانب سے لاہور اور منڈی بہائوالدین میں کھولے گئے غیر قانونی کیمپس کیس میں 6ملزمان کو 15روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی ۔ سابق وائس چانسلر محمد اکرم سمیت 6ملزمان کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا ۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے بتایا کہ غیر قانونی برانچ بنانے کے کیس میں متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں،سابق وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی محمد اکرم ، اور سابق رجسٹرار بریگیڈئر (ر) جمیل کو گرفتار کیا گیا، لاہور کیمپس کے چیف ایگزیکٹو میاں جاوید اور ڈائریکٹر ایڈمن محمد اکرم ،بھی گرفتار کیا۔منڈی بہائوالدین کیمپس کے چیف ایگزیکٹو وارث ندیم وڑائچ اور اسکے پارٹنر میاں نعیم بھی گرفتارکیا گیا،گرفتار ملزمان کو دوران تفتیش کمپلکس میں گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان نے طلبہ سے کروڑوں روپے اکھٹے کئے ،غیر قانونی کیمپس قائم کئی,پھر امتحانات لئے اور نہ ڈگریاں جاری کیں،چیف جسٹس نے معاملے کا سوموٹو نوٹس لیا اور کیس ڈی جی نیب لاہور کو منتقل کیا۔احتساب عدالت نے 6ملزمان کو 15روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوا تے ہوئے 7دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔