جیل میں قید ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ مجرموں کو جینے کا حق حاصل نہیں، ڈاکٹر مہیمن

جمعہ 23 نومبر 2018 11:20

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) ماں کے پیٹ سے کوئی بھی مجرم پیدا نہیں ہوتا اور کوئی بھی شخص یہ نہیں چاہتا کہ وہ اپنی خوشی سے قید و بند کی صعوبتوں کو باعزت اور آزاد زندگی کے بدلے قبول کرے، اس میں کوئی شک نہیں کہ اکثر مجرم دانستہ جر م کی دنیا میں کود پڑتے ہیں مگر معاشرہ ان کو ذمہ دار ٹھہرا کر بری الذمہ نہیں ہو سکتا، جیل میں قید ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ اب ان مجرموں کو جینے کا حق حاصل نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار سپیکم سوسائٹی کے چیئرمین اور شعبہ علوم اسلامیہ و دینیہ کے صدر ڈاکٹر مھیمن نے ہری پور جیل کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ضلعی حکومت کی جانب سے ڈاکٹر مھیمن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ ہری پور جیل میں تعلیم اور تربیت کے حوالہ سے موجودہ صورت حال کا جائزہ لیکر اس کی بہتری کیلئے سفارشات پیش کریں، جیل میں الیکٹریشن، درزی اور دیگر کورسز کروائے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ ناظرہ، ترجمہ، حفظ، لسان العرب، اردو، عربی اور انگریزی کی تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر مھیمن نے جیل کے مختلف حصوں مثلاً لائبریری، کمپیوٹر سنٹر اور دیگرمقامات کا دورہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں اور اساتذہ سے تعلیم و تربیت سے متعلق گفتگو کی۔ ڈاکٹر مھیمن نے کہا کہ جیل میں نصابی و غیر نصابی کتب، سٹیشنری اور نئے کمپیوٹر فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ہری پور جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ امین شعیب، سینئر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مراد خان، سینئر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اختر حسین شاہ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سعود خان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر مہیمن نے جیل انتظامیہ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :