ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک بھر کی قومی شاہراہوں کے ٹول پلازوں کی عام نیلامی کا عمل شروع

ملک بھر کے ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی کا عمل اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا جہاں تمام بولی دہندگان کے سامنے اوپن آکشن کے ذریعے ٹول پلازے آئندہ مالی سال کے لئے نیلام کیے گئے

جمعرات 19 جون 2025 21:20

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک بھر کی قومی شاہراہوں کے ٹول پلازوں کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2025ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ملک بھر کے ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی کا عمل اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا جہاں تمام بولی دہندگان کے سامنے "اوپن آکشن" کے ذریعے ٹول پلازے آئندہ مالی سال کے لئے نیلام کیے گئے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیلامی کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے کنونشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ان کی ہدایت پر ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی عمل میں لائی جا رہی ہے جو انشاء اللہ مثبت اور خوش آئند اقدام ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی جیسے اہم ادارے کے تمام امور میں شفافیت لا رہے ہیں اور میڈیا کی موجودگی میں ٹول پلازوں کی نیلامی سے اس ادارے پر اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ایک سال میں این ایچ اے کے ریونیو میں 50ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا ہے اور اوپن آکشن کا اقدام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے نیلامی کے عمل کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی نیشنل ہائی وے اتھارٹی اسی انداز میں اپنے محکمانہ امور نمٹائے گی۔ اس موقع پر اوپن آکشن میں حصہ لینے والے بولی دہندگان نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ صاف اور شفاف انداز میں نیلامی کا ہونا انتہائی حوصلہ افزاء امر ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سینئر افسران نے بتایا کہ ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی کے لئے قومی اخبارات اور میڈیا میں باقاعدہ اشتہارات دیے گئے جن کے نتیجے میں آنے والی درخواستوں پر آج ملک بھر کے 72 ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی عمل میں لائی جا رہی ہے۔