ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالرز ہو گئے

اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 11.72 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.28 ارب ڈالر ہوگئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 جون 2025 00:19

ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالرز ہو گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2025ء) ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالرز ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے زرمبادلہ ذخائر کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 46 ملین ڈالر اضافے کے بعد 17 ارب ڈالر ہوگئے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 13 جون کوختم ہونے والے ہفتہ میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 11.72 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.28 ارب ڈالر ہوگئے۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 46 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ۔ دوسری جانب پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے پر دباو کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 09 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 283 روپے 64 پیسے ہو گئی ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 75 روپے 59 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 751 روپے 96 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹربینک مارکیٹ میں قدر 736 روپے 68 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 925 روپے 81 پیسے اور قطری ریال کی قدر 77 روپے 81 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 283 روپے 70 پیسے اور قیمت فروخت 285 روپے 70 پیسے ریکارڈ کی گئی۔