بالاکوٹ اور گڑھی حبیب الله کیلئے سوئی گیس کی منظوری دیدی گئی ہے

سردار یوسف اور کیپٹن صفدر نے علاقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جن میں ہزارہ موٹر وے بھی شامل ہے، ضلع ناظم مانسہرہ

جمعہ 23 نومبر 2018 23:41

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار ظہور احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) مانسہرہ نے کبھی بھی تختیوں کی سیاست نہیں کی، گذشتہ پانچ سالوں میں سردار محمد یوسف اور کیپٹن (ر) صفدر کی قیادت میں سردار یوسف گروپ نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جن میں ہزارہ موٹر وے شامل ہے جو دسمبر میں مانسہرہ تک مکمل ہو جائے گا، یہ مانسہرہ کی عوام کو مسلم لیگ (ن) اور محمد نواز شریف کی طرف سے ایک تحفہ ہے، مانسہرہ میں گیس کے اہم ترین مسئلہ کے حل کیلئے 12 انچ اضافی گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل سے مانسہرہ شہر اور اس کے مضافات میں گیس کی کمی اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل ہو جائے گا، شنکیاری، اچھڑیاں، تمباہ اور جنگلاں کیلئے سوئی گیس فراہمی کی باقاعدہ منظوری ہو چکی۔

(جاری ہے)

جابہ، تلیسر، چٹہ بٹہ، ریڑھ، عطر شیشہ، سانڈے سر، میرا امجد علی سمیت دیگر علاقوں کیلئے سوئی گیس فراہمی کیلئے باقاعدہ طور پر 350 ملین روپے سوئی گیس محکمہ کو ادا کر دیئے گئے ہیں اور اس کی منظوری ہو چکی ہے، اس کے علاوہ بالاکوٹ اور گڑھی حبیب الله کیلئے بھی گیس کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ شہر کے ارد گرد تمام علاقوں کو تقریباً 90 فیصد گیس فراہم کر دی گئی ہے، مانسہرہ شہر میں 220 کے وی گریس سٹیشن جو عنقریب کام شروع کر دے گا، سمیت بکریال، گڑھی حبیب الله اور بفہ عیدگاہ کیلئے 132 کے وی گرڈ سٹیشن کی منظوری، حلقہ این اے 13- کے 95 فیصد علاقوں کو بجلی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

گذشتہ پانچ سالوں میں 2018ء بجلی کی سکیمیں لگائیں جبکہ سینکڑوں ٹرانسفارمر نصب کئے گئے، 170 سے زائد ای ایل آر اور جبڑ، ڈھوڈیال، پڑھنہ سمیت مانسہرہ سٹی کے تین فیڈرز کی آل گرڈیشن بھی کروائی گئی۔ این اے 13- کے تمام علاقوں میں لنک سڑکوں کے جال بچھا دیئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مانسہرہ شہر کیلئے پینے کے صاف پانی کی منظوری بھی گذشتہ سال صوبائی حکومت نے دیدی تھی جس پر 5 ارب 85 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔