31 دسمبر تک ووٹر اپنا ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے مطابق منتقل کروا لیں، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خٹک

پیر 26 نومبر 2018 19:09

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2018ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خٹک نے کہا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017ء کے سیکشن 27 کے تحت اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے پر کروایا جا سکتا ہے، ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے سے مختلف ہیں، ان سے درخواست ہے کہ مندرجہ بالا ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018ء تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے مطابق منتقل کروا لیں۔

31 دسمبر کے بعد ایسے تمام ووٹز جو تیسرے ایڈریس پر درج ہیں، انتخابی فہرستوں سے نکال دیئے جائیں گے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لئے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ یا رجسٹریشن افسر/ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گذار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں۔

سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے افراد اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے علاوہ ایسے پتے پر بھی کروا سکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن رولز 2017ء کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذات خود جمع کروائے گا بصورت دیگر فارم اختیار نامے کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند/ بیوی، بیٹی/ دختر بھی جمع کروایا جا سکتا ہے۔

رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں جبکہ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ 7 دسمبر 2018ء بروز جمعہ ’’ووٹر ڈے‘‘ منایا جائے گا لہذا صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خٹک نے عوام الناس سے کہا ہے کہ ووٹر آگاہی مہم میں بھرپور شرکت کر کے اپنا ووٹ صحیح پتے پر اندراج کروائیں۔