پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس اور ایف سی کالج یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ

ہفتہ 1 دسمبر 2018 17:29

لاہور۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس اور ایف سی کالج یونیورسٹی کے درمیان نوجوانوں کی انٹرپنیور شپ مہارتوں میں اضافہ کیلیے معاہدہ طے پا گیا ہے ۔اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب ریکٹر ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئی جس میں ریکٹرڈاکٹر جیمز اے ٹبی، پرنسپل پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان و دیگر نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر مبشر منور خان نے کہا کہ مشترکہ کاوشیں طلبہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کا باعث ہوں گی جس سے انٹرپنیور سیکٹر کوفروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو دوران تعلیم ہی کمانے کی جانب راغب کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کا ذمہ بھی اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک دوسرے کے تعلیم و تحقیق کے تجربات کو شیئر کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔

ریکٹر ایف سی کالج ڈاکٹر جیمز نے انٹرپنیوریل ڈیویلپمنٹ کے لئے دیگر اداروں سے تعلقات استوارکرنے کی کاوشوں پر پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کی انتظامیہ کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں اداروںکامشن ایسا تعلیمی ماحول بنانا ہے جس سے انسانیت کی فلاح وبہبود اور سماجی اقدارکو فروغ دینے کی سوچ رکھنے والے تعلیم دان پید اہوں۔ انہوں نے اپنے مکمل تعاون اوردیگر سرگرمیوں میں بھی روابط بڑھانے کا یقین دلایا۔