شارجہ میں ٹیکسی کے کرایوں میں اضافہ ہو گیا

ٹیکسی کے ہر سفر کے اختتام پر 2 درہم اضافی ادا کرنا پڑ رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 دسمبر 2018 11:31

شارجہ میں ٹیکسی کے کرایوں میں اضافہ ہو گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3دسمبر2018ء) شارجہ کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹیکسی کے کرایوں میں درہم کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ روڈز اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کوفراہم کی جانے والی شٹل سروس میں بہتری لانا ہے۔ اس طرح ٹیکسی مسافروں کو ہر ٹرِپ کے اختتام پر دو درہم اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ یہ کرایہ یکم دسمبر 2018ء سے نافذ العمل ہو گا۔

اس سے قبل اکتوبر 2015ء میں عوام کو کہا گیا تھا کہ وہ شارجہ میں ہر ٹیکسی ٹرپ کے اختتام پر ڈیڑھ درہم اضافی ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔ تاہم حالیہ 2 درہم کے اضافے کے بعد اب ٹیکسیوں کا کم از کم کرایہ ساڑھے تیرہ درہم ہو چکا ہے۔ یہ اضافہ بہت سی سٹڈیز اور سرویز کے بعد کیا گیا ہے، جن سے یہ بات سامنے آئی کہ شارجہ میں ٹیکسی کا کرایہ باقی امارات کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت شارجہ میں ٹیکسیوں کی چار فرنچائز کمپنیاں کام کر رہی ہیں، کرائے میں تازہ اضافے سے ان کی سروس کو بہتر بنایا جائے گا۔ تاہم شارجہ کے ٹیکسی صارفین اس اضافے سے خوش نظر نہیں آتے۔ ایک مصری باشندے احمد جمال کا کہنا ہے کہ اس اضافے سے لوگوں میں ٹیکسی کا سفر کرنے کے رحجان میں کمی واقع ہو گی۔ میں نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ میں پبلک بس سے سفر کروں گا یا کوئی کم قیمت کار خرید لوں گا۔

ایک فلسطینی اشرف السعد نے اس بارے میں کہا کہ اس اضافے سے لوگ ٹیکسیوں میں سفر کرنا کم کر دیں گے۔ وہ زیادہ تر پبلک بس کا انتخاب کریں گے یا پھر کارپُولنگ کی طرف متوجہ ہوں گے۔ ایک شامی اُستاد راشا عبدالحلیم نے کہا کہ شارجہ کے لوگ بڑی تعداد میں ٹیکسیوں پر سفر کرتے ہیں۔ تاہم کرائے میں اضافے سے میرے اخراجات متاثر ہوں گے کیونکہ مجھے ہر ماہ ٹیکسی کرائے کی مد میں 80 درہم سے 100 درہم اضافی ادا کرنا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :