سعودی عرب: شادی میں فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلانے والا گرفتار

قانون کے مطابق تقریبات میں ہوائی فائرنگ پر ایک برس قید بھُگتنا پڑتی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 دسمبر 2018 12:06

سعودی عرب: شادی میں فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلانے والا گرفتار
جازان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3دسمبر2018ء) جازان پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل شادی کی تقریب میں اندھا دُھند ہوائی فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس نوجوان کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو ایک مقامی ویب سائٹ کی جانب سے جاری کی گئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ابو عریش کے علاقے کے ایک شادی گھر میں نوجوان اپنی خوشی کا اظہار ہوائی فائرنگ سے کر رہا تھا۔

تاہم اس اچانک ہوائی فائرنگ سے شادی کی تقریب میں موجود لوگ شدید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے تھے اور بچوں نے بھی رونا چیخنا شروع کر دیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو گرفتار کر لیا نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سعودی قانون کے مطابق شادی اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے کی ممانعت ہے اور ایسا ممنوعہ فعل کرنے والے کو ایک سال کے لیے جیل کی ہوا کھانا پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ ما ضی میں اس فائرنگ کے کئی ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔ کچھ دِن قبل بھی ایک شخص ایک تقریب کے دوران کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اسی باث خوشی کا اظہار ہوائی فائرنگ سے کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ لائسنس یافتہ اسلحہ کی عوامی مقامات پر نمائش اور اس کا استعمال بھی جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ اگر کوئی شخص کسی اور کا اسلحہ استعمال کر کے بھی ہوائی فائرنگ کرتا ہے تو ایسی صورت میں فائرنگ کرنے والا اور اسلحہ کا مالک دونوں عدالتی کارروائی کا سامنا کریں گے۔